مساجد کو آباد کرناوقت کی اہم ضرورت : محمد سلیم

   

Ferty9 Clinic

جامع مسجد صحیفہ کے توسیعی تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد

حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج جامع مسجد صحیفہ اعظم پورہ کے توسیعی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر رکن وقف بورڈ مرزا انوار بیگ اور مسجد کمیٹی کے عہدیدار موجود تھے۔ محمد سلیم نے مسجد صحیفہ کے توسیعی کاموں پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ مسجد کمیٹی کی جانب سے مصلیوں کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ یہ مسجد وقف بورڈ کے تحت درج رجسٹر ہے اور وقف بورڈ کی اجازت سے تعمیری کاموں کا آغاز عمل میں آیا ہے۔ صدر نشین وقف بورڈ نے کہا کہ مساجد کی توسیع کے ساتھ ہمیں مساجدکو آباد رکھنے پر توجہ دینی چاہیئے۔ نئی نسل کو دین وابستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کی تعمیر میں حصہ لینے والوں کو اللہ تعالیٰ نے غیر معمولی اجر کا وعدہ کیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے علاوہ ان کی ترقی اور تعمیر کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرزا انوار بیگ کی نگرانی میں مسجد صحیفہ میں سہولتیں دن بہ دن بہتر بنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مساجد کی آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ رقم بہتر سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کی جاسکتی ہے۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی گلپوشی کی گئی اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں ان کی بے لوث خدمات کو سراہا گیا۔ مقامی عوام نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ محمد سلیم نے پہلی اور دوسری میعادوں میں صدر نشین کی حیثیت سے تنخواہ اور دیگر مراعات حاصل نہیں کیں اور خالص خدمت اور للہیت کے جذبہ کے ساتھ کام کررہے ہیں۔