نئی دہلی : کسٹم حکام نے مشرق وسطیٰ سے سفر کرنے والے ایک مسافر سے ایک لاکھ 33 ہزار ڈالر سے زیادہ مالیت کا 2 کلو گرام سونا ضبط کر لیا۔دہلی کسٹمز نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ سونا مسافر کے جوتوں کے اندر خانے بنا کر ان میں چھپایا ہوا تھا۔ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے مرد مسافر کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔کسٹم حکام نے سپاٹ پروفائلنگ کی بنیاد پر پیسٹ کی شکل میں 2 ہزار 156 گرام سونا برآمد کیا اور مشرق وسطی سے آنے والے ایک ہندوستانی مسافر کو گرفتار کر لیا۔حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ مسافر مشرق وسطیٰ کے کس ملک سے سفر کر رہا تھا۔ حکام نے بتایا کہ ملک میں سونا اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے مسافروں کو باقاعدگی سے گرفت میں لیا جاتا ہے۔فروری میں حکام نے سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض سے سفر کرنے والے ایک ہندوستانی مسافر سے تقریباً 18 سو گرام سونا ضبط کیا تھا۔ اس سونے کی مالیت ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ تھی۔ اس وقت مسافر نے سونا اپنے زیر جامہ میں چھپایا ہوا تھا۔