ایس ایس سی، انٹر اور گریجویشن طلبہ کی کونسلنگ، جناب افتخار حسین
حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) فیض عام ٹرسٹ ملت کے مستحق اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی اور مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتا اور اس کا مقصد صرف ان طلبہ کو پڑھانا ہی نہیں بلکہ انہیں قابل بنانا ہے تاکہ وہ اچھی سے اچھی ملازمتیں کریں یا تجارتی شعبہ میں کارہائے نمایاں انجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے ڈگری پاس یا گریجویٹ طلبہ کیلئے اہتمام کردہ کونسلنگ سیشن سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں طلبہ کو مشورہ دیا کہ فیض عام ٹرسٹ نے آپ پر محنت کی اور اب آپ کا فرض بنتا ہیکہ سخت محنت کریں اور اپنے والدین کے ساتھ ساتھ ملک و ملت کا نام روشن کریں۔ اس معاملہ میں فیض عام ٹرسٹ اور مختلف ادارے آپ کی مدد کریں گے۔ واضح رہیکہ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے اس کونسلنگ سنٹر بابو خاں اسٹیٹ بشیر باغ میں گریجویٹ کیلئے کونسلنگ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ماہرین تعلیم بشمول ٹرسٹی و رکن فیض عام ٹرسٹ جناب رضوان حیدر، رکن مجلس عاملہ پروفیسر انور خان، اشرف المدارس انتظامی کمیٹی کے جوائنٹ سکریٹری سید ماجد، جی ای او اکیڈیمی اور جیون اکیڈیمی کے جناب عالم اور جناب عارف، جناب بشیرالدین فاروقی ریٹائرڈ ڈی ای او نے شرکت کی۔ منیجر فیض عام ٹرسٹ سید عبدالستار اور سینئر فیلڈ آفیسر اعظم خاں اور فیض عام ٹیم کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے 15 اپریل سے ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ اور گریجویٹ طلبہ کیلئے کونسلنگ سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ 15 اپریل کو ایس ایس سی، 24 مئی کو انٹرمیڈیٹ اور آج گریجویشن کرنے والے طلبہ کو بتایا گیا کہ وہ کیا کریں کس کورس کا انتخاب کریں۔ ایس ایس سی کے بعد کیا کریں کونسلنگ میں فیض عام ٹرسٹ کے استفادہ کنندگان 70 طلبہ میں سے کامیاب ہوئے 68 طلبہ نے شرکت کی۔ انٹرمیڈیٹ کے 30 میں سے کامیاب 29 طلبہ نے کونسلنگ میں شرکت کی جبکہ ڈگری کے تمام 18 کامیاب طلبہ نے کونسلنگ میں حصہ لیا۔ ان تینوں زمروں میں لڑکیوں کی اکثریت ہے۔ یہ ایسے طلبہ ہیں جن کی تعلیم کی ذمہ داری نرسری سے لیکر گریجویشن تک فیض عام ٹرسٹ نے لی۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ کے مطابق جن طلبہ نے گریجویشن کی تکمیل کی ہے انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ ملازمتیں کرنے کا مشورہ دیا گیا تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی مالی مدد کرسکیں۔