مستقبل میں حیدرآباد ایرپورٹ سے قومی و بین الاقوامی ہوائی سفر میں توسیع

   

ٹاٹا سن کی ایر انڈیا کی خریدی کے بعد بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ممکن
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ٹاٹا سن کی جانب سے ایر انڈیا کی خریداری سے ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں واقع ہوں گی ۔ جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ لمٹیڈ ( جی ایچ آئی ایل اے ) کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے یہ ادارہ مالی طور پر مضبوط ہوگا اور ساتھ ہی ہوائی جہاز سرویس میں مزید بہتری پیدا ہوگی ۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ٹاٹا سن کے اس اقدام سے مستقبل میں حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر خدمات میں توسیع کا بہترین موقع فراہم ہوگا ۔ حالیہ دنوں ایر انڈیا نے حیدرآباد سے دو نان اسٹاپ ایر سرویس کا بین الاقوامی سطح پر آغاز کیا جن میں ایک حیدرآباد تا شکاگو اور ایک حیدرآباد تا لندن شامل ہے ۔ آئی ٹی اور فاماسیوٹیکل شعبوں کی حیدرآباد میں توسیع سے حیدرآباد تا امریکہ ۔ لندن اور دیگر یوروپی ممالک مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ایر انڈیا کی جانب سے مزید راست بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ حیدرآباد تا امریکہ کے مختلف شہروں کیلئے سفر کرنے والوں کی تعداد سالانہ سات لاکھ 5 ہزار پائی جاتی ہے اور اس تعداد میں عنقریب 10 لاکھ تک اضافے کا امکان ہے اور حیدرآباد سے امریکہ کے مختلف شہروں کیلئے سالانہ 22000 میٹرک ٹن سامان منتقل کیا جاتا ہے اور ملک سے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے روانہ ہونے والے ہر 4 مسافرین میں ایک تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والا ہونا ایک خصوصیت ہے ۔ ان دنوں آسٹریلیا اور یوروپی ممالک کے لیے تعلیم اور تجارت کیلئے جانے والوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ حیدرآباد سے آسٹریلیا کے مختلف شہروں کے لیے سالانہ ایک لاکھ 26 ہزار مسافرین سفر کرتے ہیں ۔ تھائی لینڈ ، استنبول ۔ تاشقند ، چین اور دیگر شہروں کے لیے سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔۔ ع