مسجد حرام کے صحنوں میں چھڑکاؤ والے 250 خصوصی پنکھے

,

   

ریاض : حرمین شریفین کے امور کی انتظامیہ کی جانب سے چھڑکاؤ والے 250 پنکھے فراہم کئے گئے ہیں۔ ان کا مقصد اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے سلسلے میں مسجد حرام اور اس کے صحنوں میں فضا کو سکون بخش بنانا ہے۔یہ پنکھے مسجد حرام اور مسجد نبویؐ کے صحنوں میں گرم اور خشک ہوا کو مناسب بناتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے ہوا کو پانی کے چھڑکاؤ کے ذریعہ ٹھنڈا کرنے کی ٹکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے۔چھڑکاؤ والے ان پنکھوں کا استعمال کھلی جگہوں پر ہوتا ہے۔ یہاں پر ایک پریشر پمپ کے ذریعہ بڑے دباؤ کے ساتھ پانی کو خصوصی پائپ لائنوں میں چھوڑا جاتا ہے۔ بعد ازاں یہ ہر پنکھے میں نصب کلیننگ فلٹر سے گزرتا ہے اور پھر پانی ٹھنڈی پھوار کی شکل میں پنکھوں سے باہر آتا ہے۔مسجد حرام کے صحنوں میں تقسیم کیے گئے ان چھڑکاؤ کے پنکھوں کی تعداد 250 ہے۔ یہ پنکھے زمین سے تقریبا 4 میٹر کی بلندی پر نصب کیے گئے ہیں۔ یہ پنکھے 10 میٹر کے فاصلے تک پانی کے چھڑکاؤ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کو نماز کے اوقات میں، مسجد حرام کے صحنوں میں ہجوم کے وقت اور درجہ حرارت بڑھنے پر چلایا جاتا ہے۔
کھلے مقامات پر فضا کو مناسب بنانے کے لیے سب سے زیادہ آزمودہ اور مؤثر طریقہ چھڑکاؤ والے پنکھوں کا استعمال ہے۔ ان کے ذریعے باہر کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کیا جا سکتا ہے۔