مسجد کا نام و نشان مٹادیئے جانے پر افسوس، دوبارہ اسی جگہ تعمیر کا مطالبہ
نظام آباد:5 ؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)محمد حلیم خان سابق ڈپٹی کلکٹر نظام آباد نے محمد ماجد خان سابق صدر ضلع وقف کمیٹی نظام آباد و ٹی پی سی سی سکریٹری سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ انہوں نے قدیم کلکٹریٹ نظام آباد میں واقع درج اوقاف مسجد میں نماز ادا کی ہے انہوں نے کہا کہ 1960 ء میں انہیں بحیثیت کلرک کے تقرر کے سلسلہ میں کلکٹریٹ پر منعقدہ انٹرویو کیلئے مدعو کیا گیا تھا کلکٹریٹ کے عقب میں واقع جنوبی حصہ میں وہ انٹرویو کیلئے پہنچے ۔ انٹرویو کیلئے آنے والے عہدیدار کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے نماز عصر کا وقت ہونے پر ان کے ہمراہ موجود مسلم امیدوار اٹھ کر روانہ ہونے لگے انہوں نے پوچھا کہ کہاں جارہے ہیں جس پر مسلم امیدواروں نے جواب دیا کہ وہ مسجد میں نماز ادا کرنے کیلئے جارہے ہیں ۔ محمد حلیم خان سابق ڈپٹی کلکٹر نظام آباد نے کہا کہ و ہ دیگر امیدواروں کے ہمراہ قدیم کلکٹریٹ کے جنوب میں واقع مسجد میں نماز عصر ادا کرچکے ہیں ۔ جنوبی حصہ میں ایک کنواں واقع تھا اس سے متصل ٹین شیڈ کی مسجد قائم تھی جہا ں پر کلکٹریٹ کے مختلف شعبہ جات میں خدمت انجام دینے والے مسلم ملازمین نماز اد اکرتے تھے انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اور کلکٹریٹ میں مساجد قائم کی گئی تھی ۔ محکمہ پولیس کے ہیڈ کوارٹر جسے آج کمشنر آف پولیس کا دفتر کہا جاتا ہے وہاں پر آج بھی مسجد قائم ہے لیکن قدیم کلکٹریٹ کی مسجد کا نام و نشان مٹ گیا ہے محمد حلیم خان نے قدیم کلکٹریٹ کی عمارت کو دوسری جگہ منتقل کرنے پر قدیم عمارت میں واقع مسجد کی اراضی جو درج اوقاف ہے اس مسجد کو وقف بورڈ کے حوالے کرنے اور شرعی قوانین کے مطابق دوبارہ مسجد تعمیر کرنے کی دلی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک مقام پر اگر مسجد تعمیر کی جاتی ہے تو قیامت تک اس جگہ پر مسجد ہی واقع ہوتی ہے ۔