مسعود اظہر کو جیل سے کس نے رہا کیا‘راہول گاندھی کا سوال

,

   

ہاویری ۔ (کرناٹک) /9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ اب قوم کو بتائیں کہ آخر ہندوستانی جیل سے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو کس نے رہا کیا ۔ یہ بی جے پی حکومت ہی تھی جس نے دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے صدر کو رہا کیا تھا ۔ شمالی کرناٹک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مودی کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ مسعود اظہر کو ہندوستان کی جیل سے پاکستان کس نے روانہ کیا ۔ جیش محمد نے جموں و کشمیر میں پلوامہ دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں سی آر پی ایف کے 40 جوان ہلاک ہوئے تھے ۔ میں مودی سے ایک چھوٹا سا سوال کرتا ہوں کہ سی آر پی ایف جوانوں کو کس نے مارا ؟ جیش محمد کے صدر کا نام کیا ہے ؟ اس کا نام مسعود اظہر ہے ۔ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ 1999 ء میں بی جے پی حکومت نے ہی مسعود اظہر کو ہندوستان کی جیل سے رہا کرکے پاکستان تک محفوظ راہ فراہم کی تھی ۔ قندھار افغانستان سے وہ پاکستان پہونچایا گیا تھا ۔ پاکستان کے شہری اظہر کو ہندوستان انڈین ایرلائینس کے طیارہ IC.814 کے 1999 ء میں کھٹمنڈو سے اغواء کرنے کے بعد مسافروں کی رہائی کے عوض واجپائی حکومت نے مسعود اظہر کو جیل سے رہا کردیا تھا ۔