مسلح افواج کی بہادری کو سلام ، جئے ہندسبھا ئیں منعقد کی جائیں گی:کانگریس

   

نئی دہلی، 15 مئی (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد مسلح افواج کی سخت جوابی کارروائی کوخراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں جئے ہند سبھا منعقد کرے گی۔سوشل میڈیا ایکس پر یہ معلومات دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے آج کہا کہ کانگریس مسلح افواج کی اعلیٰ بہادری اور کامیابی کو سلام پیش کرنے کے لیے ہندوستان بھر میں ‘جے ہند سبھا’ کا اہتمام کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں سیکورٹی کی خامیوں، قومی سلامتی سے نمٹنے کے حکومت کے طریقہ کار اور ہمارے قومی سلامتی کے معاملات میں امریکہ کی تشویشناک مداخلت پر اس کی خاموشی پر بھی سنگین سوالات اٹھانے چاہئیں، اس لیے دہلی، باڑمیر، شملہ، ہلدوانی، پٹنہ، جبل پور، پونے ، گوا، بنگلورو، کوچی، گوہاٹی، کولکاتہ، حیدرآباد، پٹھان کوٹ میں جئے ہند سبھا منعقد کی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ چہارشنبہ کو پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کی پہلگام حملے کے بعدتیسری میٹنگ میں ان میٹنگوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔ میٹنگ کے بعد کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جیرام رمیش اور میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے بھی پریس کانفرنس میں یہ معلومات دی تھی۔