مسلسل بارش سے عوام کو نقصانات سے بچانا حکومت کا اولین مقصد

   

پداپلی میں ایڈیشنل کلکٹر اور رکن اسمبلی ڈی منوہر ریڈی کا دورہ
پداپلی۔پداپلی ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا نے مطلع کیا کہ ضلع میں جاری مسلسل بارش کے باعث جانی نقصان سے بچنے کے تحت راحت کاری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آج بروز منگل رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی کے ہمراہ ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے سلطان آباد منڈل کے کدمبا پور اور گرّے پلی مواضعات میں واقع تالابوں کا معائنہ کیا۔تفصیلات بیان کرتے ہوئے ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتے سے مسلسل بارش کی وجہ سے سلطانہ آباد منڈل کے کدمبا پور اور گرّے پلی مواضعات میں واقع تالابوں میں شگاف پڑگئے تھے۔لیکن مذکورہ تالابوں میں پڑے شگافوں کی محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے فوری شناخت کی اور جنگی خطوط پر راحت کاری و باز آباد کاری کاموں کی انجام دہی کی بناء پر کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں مزید موسلادھار بارش کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے۔ اس پس منظر میں عہدیداروں کو چوکنا رہتے ہوئے راحت کاری کاموں کو انجام دینے کی انھوں نے ہدایت دی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی نے کہا کہ ریاست بھر میں ایک ہفتے سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے عوام کوجانی و مالی نقصان سے بچانا ہی حکومت کااوّلین مقصد ہے۔ موسلا دھار بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی شناخت کر انھیں راحت کاری امداد فراہم کرنے کی پوری کوشش کی جائیگی۔محکمہ موسمیات کے بموجب 19 اگست کو خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ضلع میں مزید 3 دنوں تک شدید بارش کے امکانات ہیں۔ عوام اور عہدیداروں کو چوکس و محتاط رہنے کی انھوں نے ہدایت دی۔ پداپلی ریوینو ڈویڑن آفیسر شنکر کمار ‘ تحصیلدار ملّیکارجن ریڈی ‘ ایم پی ڈی اوسنتوش’ ایم پی پی بالاجی راؤ ‘ متعلہ عہدیداران’ عوامی نمائندے وغیرہ اس موقع پر موجود تھے۔