مسلم تحفظات کے 30 سال کی تکمیل پر کانگریس کی جانب سے مختلف تقاریب کا منصوبہ

   

وجئے بھاسکر ریڈی دور سے مساعی کا آغاز، 4 فیصد تحفظات سے لاکھوں مسلم نوجوانوں کو فائدہ، کانگریس قائدین کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے متحدہ آندھرا پردیش میں مسلم تحفظات کے آغاز کے 30 سال کی تکمیل پر مختلف پروگرام کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے 25 اگسٹ کو بڑے پیمانے پر اختتامی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی محمد سمیر ولی اللہ اور سینئر قائد متین شریف نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم تحفظات کے حق میں وجئے بھاسکر ریڈی حکومت نے پہلی مرتبہ 25 اگسٹ 1994 کو احکامات جاری کئے تھے۔ جی او ایم ایس 30 کے تحت مسلمانوں اور دیگر 14 پسماندہ طبقات کو تحفظات فراہم کئے گئے تھے۔ آندھرا پردیش ملک میں تحفظات کے بارے میں احکامات جاری کرنے والی پہلی ریاست بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے نتیجہ میں 20 لاکھ غریب مسلمانوں کو فائدہ ہوا اور 4 فیصد تحفظات تعلیم اور روز گار میں 2004-05 سے برقرار ہیں۔ قانونی چیلنجس کے باوجود گذشتہ دو دہوں سے غریب مسلم خاندانوں کو تحفظات کے فوائد حاصل ہورہے ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ 1989 میں اس وقت کے رکن اسمبلی محمد علی شبیر نے مسلم تحفظات کی فراہمی میں اہم رول ادا کیا۔ ملک میں پہلی مرتبہ آندھرا پردیش میں اقلیتی بہبود ڈپارٹمنٹ قائم کیا گیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ تحفظات کے نتیجہ میں مسلم خاندانوں کو فوائد کی تفصیلات سے واقف کرانے کیلئے باقاعدہ مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 25 اگسٹ 1994 میں کانگریس حکومت نے تحفظات فراہم کئے لیکن کانگریس کو اسمبلی چناؤ میں شکست ہوئی۔ تلگودیشم حکومت نے بی سی کمیشن کی میعاد میں مسلسل توسیع کرتے ہوئے رپورٹ حاصل کرنے میں تاخیر کی۔ 2004 میں سونیا گاندھی نے کانگریس کے انتخابی منشور میں 5 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کیا تھا۔ کانگریس پارٹی برسراقتدار آنے کے بعد ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور اس وقت کے وزیر اقلیتی بہبود محمد علی شبیر نے جی او ایم ایس(33) 12 جولائی 2004 کو جاری کیا تھا جی او کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواستیں داخل کی گئیں اور طویل قانونی جدوجہد کے بعد ہائی کورٹ کی ہدایت پر مسلم تحفظات کو 5 سے گھٹا کر 4 فیصد کیا گیا جو آج تک برقرار ہے۔ تحفظات کے نتیجہ میں تقریباً 15 ہزار مسلم ڈاکٹرس، 5 لاکھ سے زائد انجینئرس اور دیگر پروفیشنل کورسیس میں ہزاروں طلبہ کو فائدہ ہوا۔ مجالس مقامی میں مسلم نمائندگی میں اضافہ ہوا۔ کانگریس قائدین نے بتایا کہ 25 اگسٹ کو بڑے پیمانے پر تقریب منعقد کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مدعو کیا جائے گا۔ تحفظات پر ڈاکومینٹری فلم اور تصویری نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ مسلم تحفظات کی تحریک میں حصہ لینے والے قومی قائدین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔1