صداقت نامہ پیدائش سے لے کر بینک پاس بک ، ووٹر شناختی کارڈ کی فائیل تیار کرلیں
فرقہ پرستی تعصب و جانبداری کے خلاف دستاویزات اہم ہتھیار : عامر علی خاں
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ملک بھر میں یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ بی جے پی حکومت ہر روز کوئی نہ کوئی ایسا مسئلہ چھیڑ رہی ہے ۔ ایسا تنازعہ پیدا کررہی ہے جس کا مقصد صرف مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے ۔ ہمارا ملک فی الوقت کئی ایک بحرانوں کا شکار ہے ۔ مہنگائی آسماں چھونے لگی ، بیروزگاری اس قدر بڑھ گئی کہ تاریخ میں اس کی نظیر نہیں ملتی ۔ 9 ماہ کی لڑکی سے لے کر 70 سالہ بوڑھی کی عصمت محفوظ نہیں ، ہر طرف فرقہ پرستی کا عروج ہے ۔ بیماریوں اور وباؤں نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔ کرپشن نے ملک کو جکڑ لیا ۔ تعصب و جانبداری اور امتیازی سلوک کی جان لیوا بیماریوں کی نحوست نے اپنا ڈیرا جمالیا ہے ۔ خارجہ پالیسی میں بھی حکومت بری طرح ناکام ہے ۔ اس کے باوجود جھوٹے دعوؤں ، جھوٹے وعدوں میں عوام کو پھنسانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ جہاں تک مسلمانوں کے خلاف قوانین کا سوال ہے شہریت ترمیمی قانون ، این آر سی ، وقف ترمیمی قانون ، طلاق ، ثلاثہ قانون ، بی جے پی کی زیر اقتدار کچھ ریاستوں میں یکساں سیول کوڈ کا نفاذ اور ایک سے زائد شادیوں پر پابندی جسے قوانین اس کی مثال ہیں ۔ بی جے پی نے اب ایس آئی آر کے ذریعہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ غرض مسلمانوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جارہی ہے ۔ ایسے میں مسلمانوں کو بھی چوکس رہنا ہوگا نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے خاص طور پر مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے دستاویزات درست کرلیں ۔ مثلا برتھ سرٹیفیکٹ ( صداقت نامہ پیدائش ) ، ٹی سی ( ٹرانسفر سرٹیفیکٹس ) یہ سرٹیفیکٹ اسکول چھوڑنے پر دیا جاتا ہے ۔ آدھار کارڈ ، پیان کارڈ ، الیکشن کارڈ ( ووٹر آئی ڈی ) ، راشن کارڈ ، پاسپورٹ ، بینک پاس بک ( کے وائی سی والی ) اور بجلی و گیس کا بل تیار رکھیں اور گھر کے ہر فرد کی فائل بنالیں ۔ یہ تمام دستاویزات ہر مسلمان مرد اور عورت کے پاس صحیح تاریخ پیدائش اور دستاویزات میں نام کے صحیح ہجے یا Spelling کے ساتھ ہونا ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ ہر مسلم خاندان کو چاہئے کہ کچھ اور دستاویزات بھی بنوالیں ۔ مثلا میریج سرٹیفیکٹ ، سکونت کا ثبوت ، انکم سرٹیفیکٹ ، او بی سی سرٹیفیکٹ ، ڈیتھ سرٹیفیکٹ ( یعنی جو ارکان خاندان جیسے ماں ، باپ ، دادا ، دادی ، نانا ، نانی وغیرہ انتقال کرچکے ہیں ان کا ڈیتھ سرٹیفیکٹ بنالیں ) ، مکان کے کاغذات بھی چیک کرلیں جیسے پراپرٹی کارڈ ، رجسٹریشن وغیرہ کی دستاویزات اور ایک بات گھر میں جو بھی پرانی دستاویزات ہیں انہیں بھی سنبھال کر رکھیں ۔ ان کا Lamination کروالیں ۔ ماہرین نے مشورہ دیا کہ اگر تمام دستاویزات درست ہوچکے ہیں تو دوست احباب اور پڑوسیوں کی مدد کریں ان کی رہنمائی کریں ۔ اگر وہ غریب ہوں تو پیسے سے ان کی دستاویزات درست کروائیں یہ صدقہ جاریہ اور ثواب کا کام ہے ۔