چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مسلم دھوبیوں اور حجاموں کو ماہانہ 250 یونٹ مفت برقی کی سربراہی کے احکامات جاری کئے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ بی سی ویلفیر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جی او ایم ایس 2 مورخہ 4 اپریل 2021 کے تحت ریاست کے تمام بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے دھوبی گھاٹ اور لانڈری شاپس کو ماہانہ 250 یونٹ مفت برقی سربراہی پر عمل کیا جارہا ہے۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے حکومت سے نمائندگی کی کہ مسلم دھوبی اور حجام بھی مذکورہ پیشہ جات سے وابستہ ہیں اور انہیں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فوری احکامات جاری کئے کہ ریاست میں مسلم دھوبی اور حجاموں کو بھی مفت برقی کی سربراہی عمل میں لائی جائے۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ بی سی ویلفیر نے 16 ستمبرکو میمو جاری کرتے ہوئے ریاست کے تمام مسلم دھوبیوں اور لانڈری شاپس کو ماہانہ 250 یونٹ مفت برقی سربراہی کی ہدایت دی۔ منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ واشرمین کوآپریٹیو سوسائٹیز فیڈریشن اور کمشنر بی سی ویلفیر کے علاوہ کمشنر اقلیتی بہبود کو احکامات پر عمل آوری کے اقدامات کی ہدایت دی گئی۔ سید عمر جلیل نے تمام مسلم دھوبیوں اور حجاموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔ درخواستوں کے ادخال اور درکار سرٹیفکیٹس کے بارے میں عنقریب اطلاع دی جائے گی۔حکومت کے اس اقدام اور ان پیشوں سے وابستہ مسلم افراد کو 250یونٹ مفت برقی کی سربراہی سے مسلم دھوبیوں اور حجاموں کو راحت ملے گی ۔