مسلمان متحد ہوجائیں ، ناگرکرنول میں مولانا آزاد کی یوم پیدائش تقریب سے مقررین کا خطاب
ناگرکرنول ۔13 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد ؒ کی یوم ِ پیدائش کے موقع پر مستقر ناگرکرنول کے مختلف مقامات پر قومی یوم ِ تعلیم کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ مستقر کے ابوالکلام آزاد چوراہے پر منعقدہ تقریب میں مسلم اقلیتی قائدین جناب محمد حبیب الرحمن نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد ایک ہمہ جہت شخصیت کے حامل تھے۔ مولانا ابولکلام آزاد ہندوستان کی آزادی میں صف اول کے رہنما بن کر تحریک آزادی میں جو خدمات نجام دیں و ہ ناقابل فراموش ہیں۔ جناب الحاج محمد مبین احمد خان نے کہا کہ مولانا آزاد کی یوم پیدائش کو ملک بھر قومی یوم ِ تعلیم کے طور پر منایا جانا ان کی جانب سے تعلیمی شعبے کے لئے عمل میں لائے گئے ترقیاتی کاموں کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ 1857ء کی جنگ آزادی میں مولانا آزاد کے والد ہندوستان سے ہجرت کرتے ہوئے کئی سال عرب میں رہے اسی دوران مولانا آزاد مکہ معظمہ میں پیداہوکر اپنا بچپن مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں گزارا۔ مولانا آزاد کے دل میں مسلمانوں کا درد تھا اسی لئے ملی مسائل کی یکسوئی کے لئے انہوں نے گراں قد ر خدمات انجام دیں۔ وقف کامپلکس مینیجنگ کمیٹی ناگرکرنول جناب محمد انیس احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد ایک ہمہ جہت شخصیت کے حامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہ یک وقت ایک مجاہد آزادی، صحافی، مصنف، مدیر اور ایک بہترین مفسر قرآن گزرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی سیاست میں مشہورو معروف اور مقبول ناموںمیں مولانا کا شمار ہوتا ہے۔جنگ آزادی کی تحریک میں مولانا نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ جیل کی قیدو بندمیں گزارا، اسی دوران اُن کی اہلیہ زلیخہ کے ناساز طبیعت کی اطلاع ملی تو مولانا آزاد نے انگریز کے سامنے اپنا سر نہیں جھکایا بلکہ اپنی اہلیہ کو خط کے ذریعہ جواب دیا کہ ہماری ملاقات جنت میں ہوگی۔ ہند و پاک کی تقسیم کے دوران مولانا آزادؒ نے تقسیم ہند کے خلاف ایک یادگار خطبہ دیتے ہوئے ہندوستانی مسلمانوں کو ہندوستان کو اپنا وطن عزیز بنائے رکھنے کی تاکید کی۔ مولانا ابوالکلام آزادؒ نے آزادہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے ملک بھر میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کیا۔ یوجی سی جیسے اداروں کے قیام کے ذریعے ملک بھر میں تعلیمی نظام کو مضبوط کیا۔جناب الحاج شیخ فرید احمد صدر ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول ، کانگریس قائد محمد خواجہ بابا،جناب نظام صدر ضلع ایم ایچ ایس ایس ، جناب حمید ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کرتے ہوئے مولانا کی خدمات کو خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلم مجاہدین آزادی بشمول مولانا آزاد کی قربانیوں کو مٹانے کی اسلام دشمنوں کی سازش چل رہی ہے ایسے میں مسلمانوں کو متحد ہونا چاہیئے۔ اس موقع پر مسلم سیاسی قائدین جناب محمد غوث محی الدین، جناب محمد حبیب خان، نائب صدر انتظامی کمیٹی مسجد معراج جناب غلام احمد، جناب نظام کونسلر، مولانا عبدالحق نظامی نقشبندی ، ،حافظ محمد نجم الدین، حافظ محمد ریحان، جناب سید رفیع، جناب محمدنجیم، ماجد، سلیم، جناب وحید، جناب نصیرودیگر نے حصہ لیا۔تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول و جونئیر کالج ناگرکرنول میں بھارت رتن ، مولانا آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر قومی یوم تعلیم و یوم اقلیتی بہبود کا انعقاد عمل میںلایا گیا۔اس موقع پربحیثیت مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفئیر آفیسر ناگرکرنول مسٹر ایس گوپال، جناب الحاج پٹھان عبداللہ خان ریٹائر ڈ ہیڈ ماسٹر، مولوی الحاج شیخ فرید احمد صدر ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول نے شرکت کرتے ہوئے مولانا آزاد کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر محمد نظام الدین، خواجہ عبدالرحیم عرف سلیم ایڈوکیٹ (ایم آرایس) نے بھی بحیثیت مہمان شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔ پرنسپل ایم سنکنا نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر مہمانان ِ خصوصی نے اپنے خطابات کے ذریعے مولانا آزاد کی زندگی اپنے لئے مشعل ِ راہ بنانے کی نصیحت کی۔اس موقع پر مختلف مقابلوں میں جیتنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔محترمہ امرین جونئیر لکچرر نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔