مسلم والینٹرس نے ہندو نوجوان کی آخری رسوم ادا کیں

   

حیدرآباد 30 مئی ( سیاست نیوز ) دلوں کو پگھلادینے والے ایک واقعہ میں شہر میں کچھ مسلم افراد نے ایک 23 سالہ ہندو نوجوان کی آخری رسومات ادا کیں جس کا خرابی صحت کی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا ۔ یہ نوجوان کولکاتہ سے تعلق رکھتا تھا ۔ اس کی ماں اور بہن علاج کیلئے اسے عثمانیہ ہاسپٹل لائے تھے ۔ تاہم اس کی موت ہوگئی ۔ ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کے والینٹرس نے متوفی کی ماں اور بہن کو روتے دیکھا کیونکہ وہ آخری رسومات ادا کرنے کے موقف میں بھی نہیں تھے ۔ ان والینٹرس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے دواخانہ کے امور مکمل کئے ۔ پنجہ گٹہ شمشان میں آخری رسوم کی ادائیگی کا انتظام کیا اور نعش منتقل کرنے ایمبولنس کا انتظام بھی کیا ۔ پنجہ گٹہ شمشان کے ذمہ داران نے بھی کسی پس و پیش کے بغیر آخری رسوم ادا کئے ۔ ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن والینٹرس نے ماںاور بہن کو ایک شیلٹر ہوم بھی منتقل کیا کیونکہ وہ نوجوان کی موت پر صدمہ کا شکار تھے اور خود کشی کا ارادہ رکھتے تھے ۔ تین افراد پر مشتمل اس خاندان میں متوفی ہی واحد کمائی کا ذریعہ تھا ۔ اسے حال ہیں میں سرکاری ملازمت ملی تھی ۔