وقف ترمیمی بل کی ناکامی تک جدوجہد جاری رکھنے اور دعاؤں کی اپیل
نئی دہلی: وقف ترمیمی بل کے خلاف تمام مسلم تنظیموں کی حمایت اور یکجہتی کے مظاہرے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مولانا فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے میں ملت اسلامیہ ہندیہ،مختلف دینی وملی جماعتوں/ تنظیموں / اداروں اور سول سوسائٹی موومینٹ، دلت، آدیباسی، او بی سی اور اقلیتی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف بورڈ کی آواز پر نہ صرف لبیک کہا بلکہ اس کے خلاف بورڈ کی طرف سے چلائی جانے والی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔انہوں نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ دہلی ،پٹنہ اور وجے واڑہ کے کامیاب مظاہرے ہوئے ،اور ان سب کا اس میں بھر پور تعاون شامل رہا ،اس لئے میں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ اسی طرح ان تمام اپوزیشن پارٹیوں اور ممبران پارلیمنٹ کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے نہ صرف اتنی بڑی تعداد میں شرکت کی بلکہ پوری قوت سے وقف ترمیمی بل 2024 کو کلیتاً مسترد کرنے کا اعلان کیااور وعدہ کیا کہ اسکے لئے ہرممکن اپنا تعاون پیش کریں گے اور پارلیمنٹ کے اندر وباہر اسکی لڑائی لڑیں گے ،میں ان کا بھی شکر گزار ہوں عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر ہم اپنے تمام بھائی بہنوں کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ میں اپنے تمام بھائیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس ملک کی سلامتی اور مسلمانوں و شریعت اسلامی کی بقا و تحفظ کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور خاص طورپر وقف ترمیمی بل 2024 کسی طرح قانون نہ بن سکے اسکی بھی دعا فرمائیں اسکے علاوہ اپنی دعاؤں میں اہل غزہ کو بھی یاد رکھیں اور بیت المقدس کیلئے بھی دعاؤں کا اہتمام کریں ۔