مسلم پرسنل لاء بورڈ نظام آبادکے وفد کی کمشنر سے ملاقات

   

نظام آباد:22 ؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم پرسنل لاء بورڈ نظام آباد ضلع کے کنونیر و جوائنٹ ایکشن کمیٹی نظام آباد کے کنونیر احمد عبدالعظیم کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے پولیس کمشنر نظام آباد سائی چیتنیا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں بورڈ کی جانب مجوزہ تمام پروگراموں کو ان کے علم میں لاتے ہوئے تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ بورڈ کے پروگرام کے موثر ا نعقادکیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انسانی زنجیر پروگرام اس پہلے 25/ مئی کو رکھا گیا یہ پروگرام 27/ مئی کو منعقد کیا جارہا ہے جو نظام آباد شہرکے نہروپارک تا ارسہ پلی، پون ٹاکیز تا قلعہ روڈ برائے شفا ء میڈیکل احمد ی بازار نہروپارک ایک انسانی زنجیر پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس کے سلسلہ میں شہر کے مختلف علاقوں میں اس پروگرام کے انعقاد کی تیاریاں کیا جارہی ہے۔ 28/ مئی کو خواتین کا پروگرام نعیم گراؤنڈ نزد فروٹ مارکٹ بودھن روڈ نظام آباد میں منعقد ہوگا۔ اس پروگرام میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوگی جو شام 7 بجے تارات 10 بجے منعقد کیا جائیگا۔ 30/ مئی کو عظیم الشان جلسہ عام’’دستور بچاؤ۔ وقف بچاؤ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوگا۔ اس جلسہ عام میں جناب خالد سیف اللہ رحمانی صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ اس جلسہ کی صدارت کریں گے جبکہ بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس و رکن پارلیمان حیدرآباد اور دوسرے مہمان اس جلسہ کو مخاطب کریں گے۔ اس موقع پر سید نجیب علی ایڈوکیٹ،محمد فیاض الدین صدر ضلع مجلس نظام آباد، شکیل احمد فاضل صدر ٹاؤن مجلس، محمد عبدالقدوس سابق کارپوریٹر، مولانا کریم الدین کمال کو کنونیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی، محمد افضل سابق صدر عیدگاہ کمیٹی نظام آباد، محمد شہبازمعتمد ٹاؤن مجلس نظام آباد، محمد امر فاروق و دوسرے شامل تھے۔ پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے وفد کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کی سنجیدگی سے سماعت کی اور انہوں نے تیقن دیا کہ پولیس اس سلسلہ میں ہر ممکنہ اقدامات کریں گی۔