حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے الزام عائد کیا کہ مسلمان پناہ گزینوں کو ملک سے باہر کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت نے شہریت ترمیمی قانون کو منظوری دی ہے۔ قانون سازی کے بعد ملک بھر میں بی جے پی کے خلاف عوامی ناراضگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ ٹی ویرا بھدرم نے سوریا پیٹ میں کہا کہ ٹی آر ایس نے پارلیمنٹ میں قانون کی مخالفت کی لیکن ریاست میں عمل کرنے کے مسئلہ پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ میں این آر سی پر عمل نہ کرنے کا اعلان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دشمنی کے تحت مرکزی حکومت نے کشمیر سے دفعہ 370 کا خاتمہ کیا۔ شہریت قانون کے ذریعہ عوام کو مذہب کی بنیاد پر باٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر ملک کو پھر ایک مرتبہ تقسیم کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالف عوام اقدامات کے نتیجہ میں ٹی آر ایس حکومت کی مقبولیت میں دن بہ دن کمی واقع ہورہی ہے۔ ٹی آر ایس نے تلنگان کو مقروض ریاست میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو کی جماعتیں عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج کو بائیں بازو جماعتوں کی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن انداز میں احتجاج جاری رکھیں۔