’مسلمان اپنی دکانوں کا نام ہندو دیوتاؤں کے نام پر نہ رکھیں‘

   

مظفر نگر: ساون کے مہینے میں منعقد ہونے والی کانوڑ یاترا کے لیے تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ اتر پردیش حکومت اور انتظامیہ اس یاترا کی تیاریوں میں لگاتار مصروف ہے۔ دریں اثنا، اتر پردیش کے وزیر کپل دیو اگروال نے مظفر نگر میں کانوڑ یاتروں کی خدمت کے لئے کیمپ چلانے والوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے بعد کپل دیو اگروال نے کہا کہ جو مسلمان کانوڑ میلے میں ہندو دیوی دیوتاؤں کے نام پر اپنی دکانیں چلاتے ہیں انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔کپل دیو اگروال نے کہا، ’’کنور میلے میں مسلمان اپنی دکانیں ہندو دیوتاؤں کے نام پر چلاتے ہیں۔ ہمیں ان کے دکان چلانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن انہیں ہندو دیوی دیوتاؤں کے نام پر دکان کا نام نہیں دینا چاہئے کیونکہ باہر سے آنے والے یاتری وہاں بیٹھ کر چائے پانی پیتے ہیں اور جب انہیں اس کا پتہ چلتا ہے تو تنازعہ کھڑا ہو جاتا ہے۔ اس لیے اس معاملے میں شفافیت کا ہونا ضروری ہے۔ تاکہ بعد میں کسی جھگڑے کا سبب نہ بنے۔