حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : محمد جہانگیر خاں کونسلر و کانگریس لیڈر نے کہا کہ مسلمان ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہیں ۔ مسلمانوں نے ملک کی آزادی میں اپنی جان کی قربانی دی اور آزادی میں اہم رول ادا کیا ۔ جب سے بی جے پی اقتدار پر آئی ہے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور تاریخ کو بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دور میں مسلمانوں نے بلالحاظ مذہب و ملت اپنی خدمت کو جاری رکھا اور ہر ضرورت مند کو راحت پہنچانے کا کام کیا ۔ جب بھی ملک کو ضرورت پڑے گی سب سے آگے مسلمان ہی ہوگا ۔ مرکزی حکومت مسلمانوں کو معاشی طور پر برباد کرنے کی تمام کوشش کررہی ہے اور مسلمانوں کی شریعت میں مداخلت کرتے ہوئے مسلمانوں کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔ بی جے پی کا دور بہت جلد ختم ہوگا ۔ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ بلالحاظ مذہب و ملت سبھی کی فلاح کے لیے کام کریں لیکن مرکزی حکومت نفرت کی سیاست کرتے ہوئے اپنے ووٹ بینک کو مضبوط کررہی ہے ۔ جس میں انہیں آئندہ انتخابات میں نقصان ہوگا ۔ انہوں نے سیکولر جماعتوں سے اپیل کی کہ سبھی سیکولر پارٹیاں متحد ہو کر بی جے پی کو شکست دینے تیار ہوجائیں ۔۔ ش