مسلمانوں سے عبادتوں کے ساتھ ملک کی سلامتی اور قومی یکجہتی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے دعاؤں کی خواہش

   

ریڈ روز فنکشن ہال میں الحاج محمد سلیم کی دعوت افطار ، کارگذار صدر بی آر ایس کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔28 فروری(سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران مسلمان اپنی عبادتوں اور اس مہینہ کی مخصوص عبادت روزہ کے دوران ملک کی سلامتی اور قومی یکجہتی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے دعاؤں کا اہتمام کریں۔ کارگذار صدر بھارت راشٹریہ سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج ریڈ روز پیالس نامپلی میں منعقدہ جناب الحاج محمد سلیم سابق رکن قانون ساز کونسل وسابق صدرنشین وقف بورڈ کی دعوت افطار سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ جناب کے ٹی راما راؤ نے افطار پارٹی کے شرکاء سے اپنے مختصر خطاب میں مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مہینہ کے دوران مسلمان صرف عبادتوں پر نہیں بلکہ مذہبی رواداری کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں ساتھ ہی غریب مستحق ہم وطنوں کی مدد کیا کرتے ہیں۔ اس دعوت افطار میں سیاسی قائدین ‘ علماء ومشائخین ‘ تاجرین ‘ وکلاء ‘ سرکردہ اہم شخصیات کے علاوہ سابق ریاستی وزراء ‘ اراکین اسمبلی اور دیگر موجود تھے ۔ جناب محمد محمود علی ‘ مسٹر ملا ریڈی ‘ مسٹر ٹی سرینواس یادو‘ مسٹر ایم این سرینواس‘ مسٹر کے وینکٹیش‘ جناب محمد مسیح اللہ خان‘مولانا سید شاہ پیر بغدادی‘ جناب عبدالمقیت چندا کے علاوہ کئی اہم شخصیات کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھے۔جناب الحاج محمد سلیم اور جناب محمد سلمان نے اس موقع پر مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ قبل ازیں ماہ رمضان المبارک اور روزہ کے فضائل بیان کئے گئے اور افطار کے فوری بعد نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی اور تناول طعام کا اہتمام کیاگیاتھا۔ 3