مسلمانوں نے بی جے پی کا کیا بگاڑا ہے کیوں ان کا امیج داغدار کیا جارہا ہے

   

جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے پاکستان ، اسامہ بن لادن وغیرہ کیا ضروری ہے : کے ٹی آر
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بی جے پی سے استفسار کیا کہ مسلمانوں نے تمہارا کیا بگاڑا کیوں ان کی حب الوطنی کو شک کی نظر سے دیکھتے ہوئے ان کی امیج کو داغدار بنایا جارہا ہے ۔ بی جے پی کی فرقہ پرستی سے چوکنا رہنے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ اگر بی جے پی کو ووٹ دیا گیا تو وہ حیدرآباد کو ہول سیل میں فروخت کردیں گے ۔ آج تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد ایک پرامن شہر ہے ۔ عوام ترقی چاہتے ہیں مگر بی جے پی سیاسی مفاد پرستی کے لیے امن و امان کو غارت کرنا چاہتی ہے ۔ لیکن حکومت بی جے پی کے ان ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کے لیے بی جے پی نفرت کا ماحول تیار کررہی ہے ۔ ان انتخابات میں اسامہ بن لادن ، اکبر ، بابر ، پاکستان ، روہنگیائی مسلمان ، بنگلہ دیش کا کیا لینا دینا ہے ۔ غیر ضروری مسلمانوں کو کیوں گھسیٹا جارہا ہے ۔ کے ٹی آر نے سوال کیا کہ کیوں بی جے پی کو ووٹ دیا جائے گذشتہ 6 سال سے مرکز پر بی جے پی کی حکمرانی ہے مگر بی جے پی نے گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لیے ایک روپیہ جاری نہیں کیا جب کہ مرکزی وزارت میں جی کشن ریڈی شامل ہے ۔ ساتھ ہی تلنگانہ سے بی جے پی کے چار ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں ۔ مگر حیدرآباد و تلنگانہ کو نظر انداز کیے جانے کا یہ لوگ تماشہ دیکھ رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت کے خلاف کیوں چارج شیٹ پیش کی گئی ۔ شاید اس سے تلنگانہ بی جے پی کے قائدین بھی واقف نہیں ہیں ۔ بی جے پی صرف سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے جھوٹی تشہیر کررہی ہے ۔ یہاں تک کہ مرکزی وزراء بھی جھوٹ پھیلا رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت نے صرف 6 سال میں ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کو ترقی دینے کے لیے جو اقدامات کی ہے ۔ اس کی ملک بھر میں نظیر نہیں ملتی ۔ تلنگانہ میں ریتو بندھو اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ کسانوں کو مفت برقی سربراہ کرنے کے علاوہ ساری ریاست کو 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ سالانہ 50 ہزار کروڑ روپئے فلاحی اسکیمات پر خرچ کئے جارہے ہیں ۔ کے سی آر کٹ اسکیم پر عمل آوری سے زچہ اور بچہ کی شرح اموات بڑی حد تک گھٹی ہے ۔ پاور ہالی ڈے کو ختم کرتے ہوئے صنعتی شعبوں کو ترقی دی جارہی ہے ۔ لاکھوں طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔۔