مسلمانوں پر حملہ کا منصوبہ ،چاروں ملزمین کی شناخت ہوگئی

   

نیویارک ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک پولیس نے ان تینوں نوجوانوں کی شناخت مکمل کرلی ہے جنہیں مبینہ طور پر مسلم کمیونٹی پر جان لیوا حملہ کرنے کی منصوبہ سازی کیلئے گرفتار کیا گیا تھا۔ 20 سالہ برائن کولانیری، 18 سالہ اینڈریو کریزل اور 19 سالہ ونسینٹ ویٹرومائل کوگریس، نیویارک میں گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضہ سے تین دھماکو آلے اور 23 دیگر ہتھیار ان کے مکانات سے ضبط کئے گئے۔ پولیس کے ترجمان جارڈ رینے نے یہ بات بتائی جبکہ ایک چوتھے غیرشناخت شدہ 16 سالہ نوجوان کی بھی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ ان تمام پر الزام ہیکہ انہوں نے گریس سے کئی گھنٹوں کی مسافت پر واقع اسلام برگ نامی ایک مقام پر مسلمانوں پر جان لیوا حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ 200 افراد پر مشتمل آرگنائزیشنس مسلمس آف امریکہ نے اس موقع پر امریکی حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مسلمانوں پر کئے جانے والے ایک مہلک حملہ کو ناکام کردیا۔ مسٹر رینے نے بتایا کہ پولیس کو ایک طالب علم نے اطلاع دی کہ اس نے کچھ لوگوں کو حملہ کرنے کی باتیں کرتے سنا ہے۔ پولیس نے جب ان کے مکانات پر دھاوا کیا تو ہتھیار برآمد ہوئے جو ان کے والدین نے قانونی طور پر حاصل کئے تھے۔ مزید پوچھ گچھ پر مسلمانوں پر جان لیوا حملہ کئے جانے کی سازش بے نقاب ہوئی۔