مسلمانوں کا غریب اور متوسط طبقہ رہن سنٹروں اور سودی قرض کے دلدل میں

   

سونے کی قیمتوں میں اضافہ ‘ رہن رکھے سونے کو چھڑانے کا بہترین موقع ۔ چند مہینوں میں قیمتوں میں کمی ممکن
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ غریب اور متوسط طبقہ سودی قرض یا پھر رہن سنٹروں کے شکنجہ میں پھنسا ہوا ہے ۔ کروڑہا روپئے کے زیورات شہر کے مختلف محلہ جات میں موجود رہن سنٹروں یہاں تک کہ بنکوں میں رہن ہیں ۔ کہتے ہیں کہ جونک کسی انسان اور جانوروں کا خون چوستی ہے تو 6 ماہ تک اسے بھوک نہیں لگتی ۔ جونک کی طرح رہن سنٹر مالکین ، فینانسرس و بنکس ضرورت مند عوام کا خون چوس رہے ہیں ۔ انہیں سودی قرض کے دلدل میں پھنسا رہے ہیں لیکن سونے کی قیمت میں اضافہ نے رہن رکھے زیورات واپس حاصل کرنے کا عوام کیلئے سنہری موقع فراہم کیا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ جاریہ سال یعنی 2025 کے آغاز سے آج کی تاریخ تک سونے کی قیمتوں میں 29 فیصد ( 23350 روپیوں ) کا اضافہ ہوا ۔ آج 24 کیرٹ سونے کی قیمت 101350 روپئے 22 کیرٹ سونے کی قیمت 92900 روپئے فی تولہ ہوگئی ۔ جب کہ سال 2025 کے آغاز کے وقت 22 کیرٹ سونے کی قیمت فی تولہ 71500 روپئے اور 24 کیرٹ سونے کی قیمت 78 ہزار روپئے تھی ۔ سونے کی مارکٹ پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کا دعوی ہے کہ اگرچہ فی الوقت قیمت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے لیکن آنے والے مہینوں میں سونے کی قیمت میں اچھی خاصی گراوٹ آسکتی ہے ۔ ایسے میں رہن سنٹروں اور بنکوں سے اپنا سونا ؍ زیورات واپس حاصل کرنے کا یہ سنہری موقع ہے ۔ ہم نے آپ کو اپنی کل کی رپورٹ میں بتایا تھا کہ شہر حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف میں دس ہزار سے زائد رہن سنٹرس ہیں جہاں کنٹلوں سونا پڑا ہوا ہے ۔ اس ضمن میں ہم نے مختلف رہن سنٹروں پر اپنے زیورات حاصل کرنے پہنچے کئی مرد و خواتین سے بات کی چونکہ ان کے نام دینا ہم مناسب نہیں سمجھتے تاہم ان لوگوں نے جن میں مرد و خواتین دونوں بھی شامل ہیں بتایا کہ جس وقت زیورات رہن رکھوائے گئے تھے اس وقت فی تولہ سونے کی قیمت 50-60 ہزار روپئے فی تولہ تھی ۔ ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ہم اپنے زیورات نہیں چھڑاپائیں گے لیکن سونے کی قیمت فی تولہ ایک لاکھ سے تجاوز کرنے کے نتیجہ میں ہم نے اپنے زیورات چھڑانے کا فیصلہ کیا جس سے ہمیں کچھ نہ کچھ فائدہ ہوگا ورنہ ہمارے زیورات تو ڈوب گئے ہوتے ۔ شہر کے ایک دیانتدار جوہری کے مطابق سونے کی قیمت آئندہ مہینوں میں گرنے کے امکانات ہے ۔ فی الوقت رہن سنٹرس (پان بروکرس ) اور بنکوں کے ذمہ دار کافی پریشان ہیں انہیں نہ فکر کھائی جارہی ہے کہ ان کے پاس رکھایا گیا سونا واپس لیا جارہا ہے ۔۔