مسلمانوں کو صبر و تحمل، جذبۂ ایثار اور عبادتوں کی پابندی کو برقرار رکھنے پر زور

   

شہر کے عیدگاہوں اور مساجد میں عیدالفطر خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی، علماء کرام کا خطاب

حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں عید الفطر جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی اور دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے عیدگاہوں کے علاوہ مساجد میں نماز عید الفطر کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔ شہر حیدرآباد میں نماز عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میر عالم پر دیکھا گیا جہاں لاکھوں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید الفطر ادا کی ۔عید گاہ میر عالم پر نماز عید کے لئے وسیع و عریض پیمانے پرانتظامات کئے گئے تھے اس کے علاوہ شہر کی دیگر عید گاہوں میں بھی نماز عید الفطر کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز عید الفطر سے قبل شہر کی مختلف عیدگاہوں و مساجد میںعلماء اکرام نے فضائل عید الفطر بیان کرتے ہوئے عامۃ المسلمین کو تلقین کی کہ وہ ماہ رمضان المبارک کے بعد بھی صبر و تحمل ‘ جذبہ ایثار اور عبادتوں کی پابندی کو برقرار رکھیں۔ علمائے اکرام نے فضائل عید الفطر بیان کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر ماہ رمضان المبارک کے دوران کی گئی عبادتوں اور ریاضتوں کے انعام کا دن ہے اور اس موقع پر امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ اپنے نبی پاک ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے معاشرہ کے غریب طبقہ میں بھی خوشیاں پہنچانے کی کوشش کرے۔ علماء اکرام نے ملک کے موجودہ حالات میں اتحاد و اتفاق کے علاوہ دین کے حقیقی پیغام کو دوسروں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ امت مسلمہ کے خلاف ہونے والی سازشوں اور ان کی حوصلہ شکنی کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ ملک میں پیدا ہونے والے حالات سے مسلمانوں میں خوف پیدا ہوجائے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے کیونکہ اللہ رب العزت نے اس قوم کو اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنے ایمان کی سلامتی کا درس دیا ہے اور نبی اکرم ﷺ نے اپنی امت کو جو تعلیم دی ہے اس کے مطابق امت مسلمہ کے دلوں میں اللہ کے سواء کسی کا خوف طاری نہیں ہوسکتا۔عید گاہ میر عالم میں نماز عید الفطر سے قبل امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ اور مولانا ڈاکٹر سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے فضائل عید الفطر بیان کئے بعد ازاں مولانا حافظ محمد رضوان قریشی نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ ریڈ ہلز پلے گراؤنڈ میں مولانا عبیدالرحمن اطہر ندوی خطیب و امام جامع مسجد ٹین پوش نے نماز عید الفطر کی امامت کی قبل ازین فضائل عید بیان کئے ۔ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ لطیف احمد قادری امام مکہ مسجد کی امامت میں نماز عید الفطر ادا کی گئی ۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں نماز عید الفطر کا بڑا اجتماع دیکھا گیا جہاں الشیخ محمد عبدالرحیم خرم جامعی نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور فضائل عید بیان کئے ۔ عید گاہ بلالی مانصاحب ٹینک پربھی نماز عید الفطر کا عظیم اجتماع دیکھا گیا جہاں مولانا مفتی تجمل حسین کی امامت میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی اور قبل ازیں مولانا سید شاہ جمال الرحمن قادری نے فضائل عید بیان کئے ۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں اول وقت نماز عید الفطر جن مساجد میں ادا کی گئی ان میں مسجد بغدادی ٹیک نامپلی ‘ مسجد قباء نامپلی اور مسجد مولوی زماں خان شہید ؒ روپ لعل بازار شاہ علی بنڈہ شامل ہیں ۔ مسجد مولوی زماں خان شہید ؒ میں مولانا سید شاہ احمد علی تاجی شرفی القادری نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ عید گاہ میر عالم میں رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی نے مجلس کے خصوصی کیمپ میں نماز عید الفطر ادا کی اور مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر محکمہ پولیس‘ محکمہ آبرسانی ‘ محکمہ برقی ‘ محکمہ بلدیہ اور تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے عہدیداروں کے بھی مختلف کیمپ لگائے گئے تھے ۔ عیدگاہ میر عالم پر کمشنر پولیس مسٹر سی وی آنند نے دیگر پولیس عہدیداروں کے ہمراہ مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ عیدگاہ عنبر پیٹ ‘ عید گاہ بالامرائی ‘ جامع مسجد چوک‘ جامع مسجد بارکس ‘ جامع مسجد معظم پورہ ملے پلی ‘ جامع مسجد عثمانیہ صرفخاص پلٹن ملک پیٹ کے علاوہ شہر کی دیگر عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید الفطر کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیاگیا ۔ عید گاہ بالامرائی میں صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے نماز عید الفطر ادا کی جبکہ عید گاہ گنبدان قطب شاہی میں رکن اسمبلی کاروان جناب کوثر محی الدین نماز عید الفطر کے موقع پر موجود تھے ۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری نے عیدگاہ قدیم مادننا پیٹ میں نماز عید الفطر ادا کی ۔رکن اسمبلی نامپلی جناب جعفر حسین معراج نے عیدگاہ بلالی ہاکی گراؤنڈ میں نماز عید الفطر ادا کی ۔عید الفطر کے موقع پر دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی پکٹس کی تعیناتی کے علاوہ امن و ضبط کی برقراری کے لئے عہدیداروں کو متحرک رکھا گیا تھا جبکہ محکمہ آبرسانی کے عہدیدارعید کے دن بھی شہر کے ڈرینیج نظام کی درستگی و صفائی کی نگرانی کرتے دیکھے گئے ۔ دونوں شہروں میں عید الفطر کے موقع پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بھی خصوصی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا تھا۔عیدگاہ میر عالم پر ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی مصلیان اکرام کی جانب سے ستائش کی گئی اور لاؤڈ اسپیکر کے نظام کے علاوہ جائے نمازوں اور شامیانوں کی تنصیب کے سلسلہ میں بھی کئے گئے وسیع انتظامات کی سراہنا کی گئی۔م