مسلمانوں کو صرف کانگریس کے اقتدار میں تحفظات : گیانیشور مدیراج

   

شمس آباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میونسپل میں کانگریس پارٹی کی جانب سے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا معین محلہ ، قاضی گلی اور احمد نگر کے علاوہ دیگر محلات میں کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے حصہ لیا ۔ راجندر نگر انچارج گیانیشور مدیراج نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کو جوڑنے کی کوشش کررہی ہے تو بی جے پی نفرت پھیلاتے ہوئے ملک کو تقسیم کررہی ہے ۔ کانگریس کے اقتدار میں تمام مذاہب کا احترام کیا گیا ۔ مسلمانوں کو تحفظات فراہم کئے گئے جب کہ بی آر ایس اور بی جے پی صرف مسلمانوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ بی آر ایس اور بی جے پی میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ مودی نے سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ لگا کر اقتدار پر آتے ہی کچھ کا ساتھ اور خود کا وکاس پر عمل کررہے ہیں ۔ امیت شاہ نے مسلمانوں کے تحفظات کو ختم کرنے کا اعلان کیا ۔ تحفظات مسلمان بھائیوں کا حق ہے اسے کوئی نہیں چھین سکتا ۔ محمد شمس الدین نے کہا کہ کانگریس کے دور میں مسلمانوں کو چار فیصد تحفظات دئیے گئے تھے ۔ بی آر ایس نے 12 فیصد تحفظات کے نام پر گزشتہ آٹھ سال سے مسلمانوں کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ پٹرول ڈیزل اور گیس کے علاوہ ہر شئے کی قیمتوں میں بے حد اضافہ ہوا ہے ۔ بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے میں دونوں حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں ۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا میں سنجے یادو ، سریدھر یادو ، شیکھر یادو ، محمد عبد الفتن ، محمد جہانگیر پاشاہ ، محمد ذاکر حسین ، محمد نجم الدین کے علاوہ سینکڑوں کارکن موجود تھے ۔۔