مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے اُسوۂ حسنہ ا اختیار کرنے کی ضرورت

   

کتاب ’’طب نبوی ﷺکے آسان اور مفید نسخے‘‘ کی رسم اجراء۔ اولمپئن شاہد حکیم‘ افتخار شریف اور آرکیٹکٹ عبدالرحمن سلیم کا خطاب
حیدرآباد۔ 21؍جولائی(پریس نوٹ) مسلمانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ رہنا ہے تو انہیں اسوۂ حسنہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اختیار کرنا ہوگا۔ اور جو قوم وقت کی پابند نہیں‘ وقت انہیں بہت پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشہور اسلامی اسکالر و اولمپئن سید شاہد حکیم نے کیا وہ آج میڈیا پلس آڈیٹوریم میں طب نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے آسان اور مفید نسخے کتاب کی تقریب رسم رونمائی سے مخاطب تھے۔ اس کتاب کے مؤلفین کہنہ مشق رحیم حیدر اور مجاہد علی ہیں۔ شہ نشین پر جناب افتخار شریف این آر آئی، جناب عبدالرحمن سلیم آرکیٹکٹ، الحاج شاہ محمد مرتضیٰ عشقی خلیفہ اسرار، ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز، عبدالحامد منان اور مظہر جمال موجود تھے۔ جناب سید شاہ حکیم جو اس کتاب کی رسم رونمائی کے لئے بطور خاص بھوپال سے حیدرآباد تشریف لائے تھے‘ قرآنی آیات، احادیث اور علامہ اقبال کے اشعار کے حوالے سے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ خیر امت ہیں اور اپنے اخلاق، کردار کی بلندی کی بدولت صدیوں حکومت کرتے رہے۔ ایک بار پھر اپنے اُسی کردار کو بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب قوموں کا کردار پست ہوجاتا ہے تو ان پر ظالم طاقتیں مسلط کردی جاتی ہیں۔ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارک‘ سیرت پاک کی روشنی میں زندگی گذارنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے جناب رحیم حیدر اور مجاہد علی کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے طب نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق لٹریچر کو عام کرنے کی مہم شروع کی ہے۔جناب عبدالرحمن سلیم آرکیٹکٹ نے جو مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کے مختلف شہروں میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک خدمات انجام دے چکے ہیں‘ بتایا کہ عرب باشندے حتی الامکان طب نبوی ﷺسے ہی علاج کرتے ہیں۔ جناب افتخار شریف نے مؤلفین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کتابوں کو دوسری زبانوں میں شائع کرنے کے لئے تعاون کا پیشکش کیا۔ جناب رحیم حیدر نے خیر مقدم کیا۔ حافظ غوث الدین حسن کی قرأت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ جناب ظہیرالدین بابر نے مسحور کن آواز میں سورہ رحمن کا منظوم ترجمہ پیش کیا۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے اہم شخصیات نے شرکت کی۔ الحاج شاہ محمد مرتضیٰ عشقی خلیفہ اسرار کی دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔