سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کا تاثر۔ دفتر سیاست میں جناب عامر علی خان ایم ایل سی سے ملاقات
حیدرآباد۔20۔جون(سیاست نیوز) سابق وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے ادارہ ٔ سیاست پہنچ کر ایڈیٹر جناب زاہد علی خان کی صحت دریافت کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ٹی ہریش راؤ سابق وزیر ‘ کے علاوہ سابق وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی ‘اور ارکان اسمبلی مسٹر چنتا پربھاکر ‘ مسٹر مانک راؤ کے ہمراہ دفتر سیاست پہنچ کر جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر و رکن قانون ساز کونسل سے ملاقات کرکے ان کے والد و ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کی صحت دریافت کی ۔ انہو ںنے جناب عامر علی خان سے ملاقات میں تلنگانہ کے مسلمانوں کی صورتحال اور مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ ہریش راؤ نے ملاقات میں تلنگانہ کے مختلف سیاسی امور و اقلیتوں کے مسائل پرتبادلہ خیال کرکے کہا کہ حکومت میں عامر علی خان کی موجودگی کے بعد مسلمانوں کو مسائل کا شکار نہیں ہونا چاہئے لیکن تلنگانہ میں اقلیتوں کو نظر انداز کرنے کی شکایات ہیں۔ انہوں نے ادارہ ٔ سیاست سے مسلم مسائل کو پیش کرنے بے باکانہ موقف کی ستائش کی اور کہا کہ ریاست میں خواہ کوئی بھی جماعت اقتدار میں ہو ’سیاست ‘ نے اپنی غیر جانبدارانہ پالیسی سے مفاہمت نہیں کی اور ہمیشہ اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھائی ۔ سابق وزیر نے ریاست کی موجودہ صورتحال پر دعویٰ کیا کہ ان کے دور اقتدار میں اقلیتیں خوشحال تھیں۔ ہریش راؤ رکن اسمبلی ‘پی راجیشور ریڈی کی یشودھا ہاسپٹل میں عیادت کے بعد دفتر سیاست پہنچے ۔ مسٹر ہریش راؤ نے مسلم مسائل سے آگہی اور ان کے حل کے متعلق دریافت کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایوان میں نیوز ایڈیٹر سیاست کی موجودگی اور برسراقتدار جماعت سے رفاقت تلنگانہ کے مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی میں معاون ہوگی۔ انہوں نے ادارۂ سیاست کی خدمات بالخصوص خطاطی اور دیگر رفاہی کاموں کی تفصیلات دریافت کی اور کہا کہ ان کی ادارہ سیاست کے ذمہ داروں سے دیرینہ رفاقت ہے اور تحریک تلنگانہ میں ’ادارۂ سیاست ‘ کے کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔3