مسک کا ٹرمپ کیلئے ہر ماہ 45 ملین ڈالر دینے کا اعلان

,

   

سان فرانسسکو: ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم چلانے والے گروپ کو ماہانہ 45 ملین ڈالر کی رقم دینگے ۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے چیئرپرسن اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک امریکی صدر جوبائیڈن کے بڑے ناقد تصور کیے جاتے ہیں اور اب انہوں نے سابق صدر ٹرمپ کی الیکشن مہم کو سپورٹ کرنے کے لیے بڑی فنڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے کہا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے والے گروپ سپر پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کو ماہانہ 45 ملین ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سپر پولیٹیکل ایکشن کمیٹی ٹرمپ کے لیے انتخابی مہم چلائے گی اور اس کے لیے وہ ووٹر رجسٹریشن، جلدی ووٹنگ اور دیگر امور پر کام کرے گی۔ رپورٹس کے مطابق اس سے قبل ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے اوپر اپنی دولت خرچ نہیں کریں گے تاہم اب یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ انہوں نے امریکا میں کام کرنے والے ایک گروپ پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کو بڑے پیمانے پر فنڈنگ کا فیصلہ کیا ہے ۔ ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ہفتے کے روز سابق صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کی عوامی سطح پر باقاعدہ حمایت کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ سے ایلون مسک سمیت دیگر ڈونرز کی مارچ کے مہینے میں ملاقات ہوئی تھی، امریکا میں 5 نومبر کو صدارتی انتخابات ہوں گے جس میں ری پبلکن کی جانب سے ٹرمپ کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔