مشرق وسطیٰ کے ممالک کیلئے پاکستانی برآمدات میں اضافہ

   

اسلام آباد : مشرق وسطیٰ کے ممارلک میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو گیا۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران مشرق وسطیٰ کے ممالک کو برآمدات میں 4.47 فیصد، سعودی عرب کو 6.95فیصد اور متحدہ عرب امارات کو 8.27 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران برآمدات سے 2.381 ارب ڈالر زر مبادلہ کمایا گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں زرمبادلہ کا حصول 2.279 ارب ڈالر رہا تھا۔ گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں مشرق وسطیٰ کے ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 0.102 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ سعودی عرب کو پہلے نو ماہ میں 552.26 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔متحدہ عرب امارات کو کی جانے والی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 8.27 فیصد اضافہ ہوا اور گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے نو ماہ کے عرصہ میں برآمدات کے حجم میں 1.487 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.610 ارب ڈالر تک کا اضافہ ہوا۔