مشرقی غزہ میں اسرائیل کیخلاف مظاہرہ ،30 فلسطینی زخمی

,

   

غزہ۔ 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر جمعہ کو اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کر رہے تقریبا 30 فلسطینی مظاہرین زخمی ہو گئے ۔غزہ وزارت صحت کے ترجمان اشرف الکیدرا نے کہا کہ زخمیوں میں اسرائیلی فوج کی طرف سے فائرنگ میں زخمی ہوئے 8 افراد بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان شخص کی حالت نازک ہے اور غزہ کے ایک فوٹو جرنلسٹ کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں۔جمعہ کو فلسطینیوں نے اسرائیل کے خلاف ‘عظیم مارچ آف رٹرن’ نامی ریلی کے دوران احتجاج و مظاہرہ کیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق سینکڑوں مظاہرین مشرق غزہ اور اسرائیلی سرحد کے پانچ مختلف مقامات پر جمع ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین نے سرحد پر خار دار تاروں کو کاٹ دیا جبکہ مشرقی غزہ کے ساتھ سرحد پر تعینات اسرائیلی فورسز پر سنگباری کی۔ فوجیوں نے بھیڑ کو ہٹانے کے لئے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔غزہ وزارت صحت کے مطابق احتجاج و مظاہرہ کے آغاز سے لے کر اب تک 313 فلسطینیوں کی موت ہوئی ہے اور 19000 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

آئی سی سی کی فلسطینی سرزمین پر جنگی جرائم کی تحقیقات
٭ یروشلم: بین الاقوامی عدالت فوجداری کے استغاثہ اعلیٰ فاٹو بینسوڈا نے جمعہ کے دن کہا کہ وہ جنگی جرائم کی مکمل تحقیقات کرے گی اور فلسطینی سرزمین پر جنگی جرائم کے مرتکبین کے خلاف اپنے دائرۂ کار کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ عدالت کے دائرہ کار میں مغربی کنارہ بشمول مشرقی یروشلم اور غزہ شال ہیں۔