نئی دہلی : ہندوستانی اور چینی فوج نے مشرقی لداخ میں گوگرا۔ ہاٹ اسپرنگس کے علاقہ میں پیچھے ہٹنا شروع کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان۔ چین کمانڈر سطح کی میٹنگ کے 16 ویں دور میں ہوئے اتفاق کی بنیاد پر یہ پیشرفت ہوئی ہے۔ جمعرات کو جاری ایک مشترکہ بیان کے مطابق 8 ستمبر 2022 کو، ہندوستان۔ چین کور کمانڈر سطح کی میٹنگ کے سولہویں دور میں ہوئے اتفاق کے مطابق گوگرا۔ ہاٹ اسپرنگس ( پی پی 15) کے علاقہ میں ہندوستانی اور چینی افواج نے مربوط اور منصوبہ بند طریقہ سے پیچھے ہٹنا شروع کردیا ہے، جو سرحدی علاقوں میں امن کیلئے مناسب ہے۔بیان کے مطابق میٹنگ کا سولہواں دور 17 جولائی کو چوشول۔ مولدو سرحد پر ہوا تھا۔ اس سے پہلے مارچ میں میٹنگ ہوئی تھی۔ جولائی کی میٹنگ میں دونوں فریقوں نے پچھلے کئی دور کی گفتگو میں ہوئی پیشرفت سے ہٹ کر مغربی علاقوں میں ایل اے سی سے وابستہ معاملات کو حل کرنے کیلئے تعمیری اور دور اندیش طریقہ سے بات چیت جاری رکھی۔