مشرقی یورپ میں ناٹو کی موجودگی بڑھائی جائیٖ: صدر رومانیہ

   

بخارسٹ پیر کو ہوئی ورچوئل سربراہ کانفرنس میں امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی شرکت کی۔ یہ سربراہ اجلاس بخارسٹ نائین نامی یورپی ملکوں کے ایک گروپ نے منعقد کیا تھا، جو ناٹو اتحاد میں شامل مشرقی یورپی ملکوں کا اتحاد ہے۔ میزبانوں میں رومانیہ کے علاوہ پولینڈ کے صدر آندرے دودا شامل ہیں، جس کا مقصد خطے کے ملکوں کی سلامتی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے جون میں ہونے والے ناٹو کے مکمل سربراہ اجلاس سے قبل ایک مربوط لائحہ عمل تشکیل دینا تھا۔ رومانیہ کے صدر یوہانس نے کہا کہ بحیثیت مشرقی یورپی اتحادیوں کے، ہمیں اس بات کی ضرورت ہے کہ اپنے دفاع اور جنگی طاقت میں ٹھوس اضافہ کریں۔ حال ہی میں ہم نے اپنے ہمسایہ علاقے، بحیرہ اسود اور یوکرین کے گرد روسی فوج میں پریشان کن حد تک اضافہ ہوتے دیکھا ہے۔ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں، رومانیہ کے صدر کلوس یوہانس نے کہا ہے کہ آج بخارسٹ میں منعقدہ ‘بخارسٹ نائین سمٹ’ میں جو بائیڈن کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہمیں خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ میزبان نے کہا کہ ”صدر آندرے دودا کے علاوہ ہم ینز اسٹولٹنبرگ کا خیرمقدم کرتے ہیں جو ناٹو سربراہ اجلاس کی تیاری میں مصروف ہیں۔