ڈھاکہ۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پرامید ہے کہ سابق کپتان مشفق الرحیم آئندہ ماہ ٹیم کے ساتھ پاکستان کے دورے پر جائیں گے۔ بی سی بی صدر نظم الحسن نے کہا کہ مشفق الرحیم اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے کراچی جائیں گے۔ اپریل میں بنگلہ دیشی ٹیم ایک ونڈے اور ایک ٹسٹ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ مشفق نے ابتدا میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان جانے سے انکارکردیا تھا لیکن مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ کراچی جانے پر سنجیدگی سے غورکررہے ہیں۔ نظم الحسن نے کہا کہ ابھی تک مشفق نے اپنے فیصلے سے ہمیں آگاہ نہیں کیا ہے لیکن امیدہے کہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں کراچی جائیں گے۔ ہر کھلاڑی کے لئے اہم ہے کہ وہ اپنے خانہ سے مشاورت کرے لیکن ملک کے مفادکی بھی اہمیت ہے۔ مشفق الرحیم کا بورڈ سے سینٹرل کنٹریکٹ ہے جس کے تحت وہ دورے کے پابند ہیں۔ نظم الحس نے کہا کہ مشفق الرحیم اپنے برادرنسبتی محمود اللہ ریاض سے مشورے کریں اور اس کے بعد کوئی فیصلہ کریں۔ محمود اللہ نے حال ہی میں ٹی20 میں بنگلہ دیش کی کپتانی کی جبکہ وہ ٹسٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
بنگلہ دیش اننگز سے کامیاب
ڈھاکہ ۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے واحد ٹسٹ میچ میں زمبابوے کو اننگز اور106 رنز کے بھاری فرق سے شکست دی ۔ یہ بنگلہ دیش کی ٹسٹ کرکٹ میں دسمبر 2018 کے بعد پہلی کامیابی ہے اور یہ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب بنگلہ دیشی ٹیم اننگز سے کامیاب ہوئی ہے۔ ڈھاکہ میں میچ کے تیسرے روزبنگلہ دیش نے پہلی اننگز 560 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ مشفیق الرحیم ناقابل شکست 203، مومن الحق 137 نجم الحسن 71 اور لٹن داس 53 رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ نعیم حسن 5 اور تیجل الاسلام نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ مشفیق الرحیم کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔زمبابوے کی ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز9 رنز 2 کھلاڑی آوٹ پر دوبارہ شروع کی لیکن بیٹسمین پھر ناکام ہوئے اور پوری ٹیم 189 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان کریگ اروین 43 ، ماریوما نے 41 اور سکندر نے 37 رنز بنائے ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ مظاہرہ نہ کر سکا۔