بی جے پی کا دوہرا معیار، سی ا یل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے مشن بھگیرتا پر بی جے پی کے موقف کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتا اسکیم کے بارے میں بی جے پی دوہرا معیار اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ریاستی قائدین اسکیم میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کر رہے ہیں جبکہ مرکزی وزراء مشن بھگیرتا کو ملک بھر میں عمل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے بی جے پی قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ مشن بھگیرتا پر اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کل چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے مشن بھگیرتا کی ستائش کی اور اسے ملک بھر میں عمل آوری کے لائق قرار دیا۔ مرکزی وزیر کی جانب سے مشن بھگیرتا کو مثالی اسکیم قرار دیا جانا افسوسناک ہے جبکہ بی جے پی ریاستی قائدین اسکیم میں دھاندلیوں کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ مشن بھگیرتا میں کروڑہا روپئے کی دھاندلیوں کا الزام عائد کرنے والے بی جے پی کے ریاستی قائدین مرکزی وزراء کی ستائش پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ کے سب سے بڑے اسکام پر کیا بی جے پی ملک بھر میں عمل کرے گی۔ سی ایل پی لیڈر نے مشن بھگیرتا میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر فلاحی اسکیمات کو نظر انداز کرتے ہوئے کے سی آر کمیشن کیلئے تر قیاتی اسکیمات پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے خاتون تحصیلدار وجیہ ریڈی کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ملک بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساتھی تحصیلدار کے قتل کے خلاف ریاست بھر میں تحصیلدار 48 پر ہیں لیکن چیف منسٹر کے پاس ریونیو عہدیداروں کے لئے وقت نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مرکزی وزراء کو غلط معلومات فراہم کرتے ہوئے گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کی بیشتر اسکیمات نے بڑے پیمانہ پر دھاندلیاں منظر عام پر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن جن اسکیمات میں اسکام کا الزام عائد کر رہے ہیں، ان اسکیمات کو مرکزی وزیر نے شاندار قرار دیا ہے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی باہمی تال میل کے ذریعہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے 50,000 کروڑ کے مشن بھگیرتا اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ جن عوام کے لئے ریونیو دفاتر قائم کئے گئے ، آج ریونیو عہدیدار عوام سے تحفظ فراہم کرنے کی مانگ کر رہے ہیں۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ کی موجودہ صورتحال کیلئے چیف منسٹر ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اپنے پاس موجود محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتا، کالیشورم اور سیتارام پراجکٹ کے معاملات میں سی بی آئی تحقیقات ہونی چاہئے۔