مشن چبوترہ ۔ آپریشن رومیو مہم روکنے سے ہائی کورٹ کا انکار

   

پرنسپل سکریٹری محکمہ داخلہ، ڈی جی پی اور کمشنر پولیس حیدرآباد کو نوٹس ، آئندہ سماعت 4 ہفتوں تک ملتوی
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) ہائی کورٹ نے ’ مشن چبوترہ ‘ اور ’ آپریشن رومیو‘ جیسے ناموں سے پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی تلاشی مہم کو روکنے سے انکار کردیا ۔ عدالت نے کہا کہ پولیس سے تفصیلات حاصل کئے بغیر تلاشی مہم کو روکنے کا حکم نہیں دیا جاسکتا۔ اس سلسلہ میں محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری ڈی جی پی اور کمشنرپولیس حیدرآباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ چار ہفتوں تک ملتوی کردی۔ حیدرآباد کے سماجی جہد کار مسعود نے ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کی درخواست داخل کی جس میں مشن چبوترہ، آپریشن رومیو اور مڈ نائیٹ کونسلنگ جیسے ناموں سے تلاشی مہم کے انعقاد کو چیلنج کیا گیا۔ چیف جسٹس جسٹس الوک ارادے اور جسٹس جے سرینواس راؤ پر مشتمل بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کی۔ درخواست گذار کے وکیل نے بنچ کو بتایا کہ چھوٹے تاجروں اور گلیوں کے دوکانداروں کو رات 10:30 بجے سے 11 بجے کے درمیان بند کیا جارہا ہے جو 2015 میں جاری کردہ جی او کی خلاف ورزی ہے۔ اگرچہ کہ حکومت نے ہوٹلوں اور ریستورانوں کو صبح 5 بجے سے رات 12 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی ہے جنہیں پولیس زبردستی بند کرارہی ہے۔ پولیس تلاشی مہم کے دوران گھروں میں موجود لوگوں بالخصوص خواتین سے شناختی کارڈ طلب کرتے ہوئے ہراساں کررہی ہے۔ کونسے قانون کے تحت پولیس تلاشی مہم چلارہی ہے ۔ مکتوب روانہ کرتے ہوئے پولیس سے استفسار کیا گیا تاہم پولیس نے اس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ صرف ان منتخب علاقوں میں تلاشی لی جارہی ہے جہاں غریب عوام رہتے ہیں۔ مشن چبوترہ اور آپریشن رومیو کے ناموں سے چلائی جانے والیے مہم کو روکنے کا پولیس کو حکم دینے کا عدالت سے مطالبہ کیا ۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گذار بھی متاثرہ ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔ 2
ٹاس ایس ایس سی اور انٹر میں داخلے
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( راست ) : تلنگانہ اوپن اسکول سے ایس ایس سی ؍ انٹر میں داخلے کے لیے رجسٹریشن جاری ہے ۔ دسویں کے لیے 14 سال یا زائد عمر کے افراد اہل ہیں ۔ انٹر کے لیے ایس ایس سی امتحان کامیاب امیدوار ایم پی سی ، بی پی سی ، سی ای سی کے لیے اہل ہیں ۔ داخلے کی معلومات اور رہنمائی کے لیے محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر یا 9700151908 پر ربط کریں ۔۔

سپریم کورٹ کے فیصلہ کا حیڈرا پر اطلاق نہیں ہوگا
کمشنر اے وی رنگناتھ کی وضاحت
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) جھیلوں اور تالابوں کی حفاظت کیلئے قائم کئے گئے حیڈرا کے کمشنر اے وی رنگناتھ کا کہنا ہے کہ انہدامی کارروائیوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ کا حیڈرا پر اطلاق نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ نے دہلی کے جہانگیر پوری میں حکام کی انہدامی کارروائیوں کے معاملہ میں فیصلہ سناتے ہوئے یکم اکٹوبر تک ملک بھر میں انہدامی کارروائیوں پر روک لگادی ہے۔ کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حیڈرا پر لاگو نہیں ہوگا کیونکہ حیڈرا کی انہدامی کارروائیاں جھیلوں، نالوں اور سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں سے متعلق ہے۔ حیڈرا کسی کریمنل یا ملزمین کی جائیدادوں کو منہدم نہیں کررہا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے احکامات میں وضاحت کی ہے کہ سڑکوں، فٹ پاتھ اور ذخائر آب کی اراضیات پر ناجائز تعمیرات کو منہدم کرنے کی اجازت رہے گی۔ 1

حیڈرا کی جانب سے ذخائر آب کی اراضیات پر ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔1