اراضی اور شکم پر قبضہ جات ، Soul تنظیم تالاب کو بچانے کوشاں
حیدرآباد۔6مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے تالابوں اور کنٹوں کے تحفظ کے ذریعہ ہی شہر حیدرآباد کے ماحولیات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے اور حکومت کی جانب سے مشن کاکتیہ کے نام سے ریاست کے تمام تالابوں اور کنٹوں کو صاف کرتے ہوئے ان کی بازیافت کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے برعکس شہر حیدرآباد کے تالابوں اور کنٹوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے جس کے سبب شہرکے تالابوں اور کنٹوں میں بھی آبادیاں بسنے لگی ہیں اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کئی دشواریاں پیش آنے لگی ہیں۔ شہر حیدرآباد کے مرکزی علاقہ ہمایوں نگر میں موجود ہمایوں کنٹہ جو کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ماسٹر پلان میں دیونی کنٹہ کے نام سے موجود ہے اب اس کے کنٹہ کی تباہی کے دور کا آغاز ہونے جا رہاہے اور اس تالاب کے شکم میں جھونپڑیاں نصب کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ تالابوں اور کنٹوں کے علاوہ شہر حیدرآباد کے ماحولیات کے تحفظ کے سلسلہ میں خدمات انجام دینے والی تنظیم SOULکی جانب سے گذشتہ یوم اس کنٹہ کی اراضی اور شکم کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی گئیں اور ہونے والے قبضہ سے واقف کرواتے ہوئے تالاب کو بچانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ SOULکی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق شہر حیدرآباد کے مرکزی علاقہ میں موجود اس کنٹہ کا ریکارڈ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں موجود ہے لیکن متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود بھی حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں اور تالابوں کے تحفظ کے لئے موجود کمیٹی کے اراکین کی جانب سے اختیار کردہ بے اعتنائی کے موقف کے سبب حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تیار کردہ محفوظ تالابوں اور کنٹوں کی فہرست میں اس تالاب کانام شامل نہیں کیا جاسکا لیکن اس کے نام کو شامل کرنے کے لئے تنظیم نے عدالت سے رجوع ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے عدالت میں درخواست داخل کی ہے لیکن اب تالاب کے شکم میں قبضہ کا عمل شروع ہوچکا ہے اس کے باوجود بھی کوئی کاروائی نہ کئے جانے کے سبب SOULنے اپنے طور پر حقائق سے آگہی حاصل کی تو اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ قابضین کی جانب سے تالاب کے شکم کو ذاتی ملکیت قرار دیا جا رہاہے اور اس اراضی کو فروخت کرنے کی کوشش کی جانے لگی ہے۔ہمایوں کنٹہ پر ہونے والے قبضہ کے سلسلہ میں SOULکی جانب سے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘ حیدرآباد کلکٹر ‘ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ ڈی سی پی ویسٹ زون کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈکو تحریری شکایت روانہ کرتے ہوئے انہیں اس بات سے واقف کروادیا گیا ہے کہ ہمایوں کنٹہ پر قبضہ کی کوشش کی جا رہی ہے جسے روکنا ان اداروں کی ذمہ داری ہے۔