انقرہ : ترکیہ کے صدررجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ مشکلات کے باوجود حکومت ایک مستحکم اور خوشحال ترکیہ کی جانب گامزن ہے۔ صدر اردغان نے نو شہر میں منعقدہمشہور مفکر حاجی بیک تاش ولی کی752 ویں بردسی کے موقع پر منعقدہ ایک یادگاری تقریب کو ویڈیو پیغام بھیجا ہے۔ صدرنے اپنے پیغام میں اتحاد و یک جہتی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ میں آنے والے زلزلوں کے بعد ریاست و عوام نے مل کر اس تباہی کے زخموں کو مندمل کرنے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں، اس تباہی کے تین ماہ بعد ترک تاریخ کے کٹھن ترین انتخابات میں ایک بار پھر ڈیموکریسی کے حق میں عوام نے ووٹ دیا ، حکومت نے بصیرت و فراست کے ساتھ نسلی و مذہبی منافرت سے پاک ترکیہ کی صد سالہ ترقی کے منصوبے کی جانب رخ اختیار کر لیا ہے۔ صدر نے کہا کہ درپیش مشکلات کے با وجود ایک مستحکم اور خوشحال ترکیہ کی جانب گامزن ہیں، بہتر مستقبل کے لیے حاجی بیک تاش ولی نے انسانی احترام اور اخوت و شفقت کے پیغام کو دنیا میں پھیلایا جس کی روشنی میں ہم تمام انسانیت کے لیے امن و آشتی کے ماحول کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے۔