کراچی ۔ 5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کا تین سال کے لئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ کو خیر بادکہہ دیا ہے اوراپنا بیٹ اور کرکٹ سامان ہمیشہ کے لئیباندھدیا ہے۔ وہ سب سے مہنگے اور سب سے زیادہ تعلیم یافتہ پاکستانی کوچ ہیں۔ پاکستانی کوچ کو دوہری ذمے داری دے کر انہیں مکی آرتھرکے مساوی تنخواہ دی جارہی ہے جو تقریباً 28 لاکھ روپے ماہانہ ہوگی۔45 سالہ مصباح الحق نے گذشتہ سال سوئی ناردرن کے لئے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی تھی اور فیصل آباد کے لئے قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو میں شرکت کی تھی۔ پاکستان سوپر لیگ میں اس سال فروری میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک میچ میں مین آف دی میچ بھی بنے تھے۔ قائد اعظم ٹرافی میں حبیب بینک کے خلاف اپنے آخری فرسٹ کلاس میچ میں91 اور44 ناٹ آئوٹ رنز بنائے تھے۔ پی ایس ایل میں49 ناٹ آئوٹ،59ناٹ آئوٹ اور 18رنز بنائے تھے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ پی سی بی سے معاہدہ کرنے سے قبل مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیاہے۔ یاد رہے کہ انضمام الحق ماہانہ تقریباً16 لاکھ روپے تنخواہ لیتے تھے۔