مصر میں مرغی کا ایک گھنٹہ 45 منٹ طویل آپریشن

   

قاہرہ ۔مصر کے معروف شہر مرسی علم میں اپنی نوعیت کا عجیب و غریب آپریشن کیا گیا ہے۔ گھر کی چھت سے گرنے والی مرغی کے آپریشن پر سات ہزار مصری پاونڈ لاگت آئی۔ مصری اخبار الوطن کے مطابق گھر کی چھت سے گرنے سے مرغی کے دونوں پیروں کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں۔مصری میڈیاکے بموجب مرغی پیروں کی ہڈیاں ٹوٹ جانے کے بعد بہت زیادہ مشکل میں تھی اور چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہی تھی۔مصری ڈاکٹروں نے آپریشن سے قبل مرغی کا مکمل معائنہ کیا۔ اسے بے ہوش کرکے آپریشن کیا۔ جانوروں کے مصری ڈاکٹر محمد احمد نے کہا ہے کہ آپریشن ایک گھنٹہ 45 منٹ تک جاری رہا اس میں دو ڈاکٹروں اور ایک معاون نے حصہ لیا۔ مرغی کا مالک مصر میں مقیم سوئٹزرلینڈ کا باشندہ ہے جو مرغی کے طبی معائنے کے لیے اکثر دواخانہ آتا رہتا ہے۔مصری ڈاکٹر نے مزید کہا کہ مرغی دوسری منزل سے گری بھاری بھرکم ہونے کی وجہ سے اس کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں۔ مصر میں پائی جانے والی لیسکی مرغی عام مرغیوں سے مختلف ہوتی ہے۔ اس قسم کی مرغیاں پالتو جانوروں کی طرح پالی جاتی ہیں۔ اسکائی نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر مرغی کے آپریشن کی اطلاع وائرل ہوگئی۔