قاہرہ ۔ اسرائیل کے ساتھ صلح کرنے والے پہلے عرب رہنما سابق مصری صدر انور سادات کی بیوہ جہان سادات جمعہ کو مصر میں انتقال کر گئیں۔ وہ 87 سال کی تھیں۔ مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق جہان سادات ایک مصری ہسپتال میں کینسر کا مقابلہ کر رہی تھیں۔ جہان سادات کے اہل خانہ نے مصری میڈیا کو بتایا کہ ان کا گذشتہ سال امریکہ میں طبی علاج ہوا لیکن اس کے فوراً بعد وہ مصر واپس آ گئیں اور ان کی حالت مزید خراب ہو گئی۔ ان کی بیماری کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے دفتر نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ جہان سادات مصری خواتین کے لیے ایک رول ماڈل رہی ہیں۔ مصر کے صدر دفتر نے انہیں بعد از مرگ قومی ایوارڈ دینے اور قاہرہ میں ایک اہم شاہراہ کا نام ان کے نام پر رکھنے کا بھی اعلان کیا۔ جہان صفوت رؤف قاہرہ میں ایک متوسط مصری طبقے سے تعلق رکھنے والے والد اور ایک برطانوی والدہ کے ہاں اگست 1933 میں پیدا ہوئیں۔ جہان سادات نے 1949 میں انور سادات سے شادی کی جو اس وقت ایک فوجی افسر تھے لیکن 1970 سے مصر کے صدر کی حیثیت سے 1981 میں قتل ہونے تک اپنے عہدے پر فائز رہے۔