انقرہ :مصر کے شہر اسماعیلیہ میں پولیس ہیڈکوارٹر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 38 افراد زخمی ہو گئے۔میڈیاکے مطابق فوری طور پر ہلاکتوں کی اطلاع نہیں ملی لیکن بلڈنگ میں ہر وقت اہلکار موجود ہوتے ہیں۔ہاسپٹلس کو الرٹ کر دیا گیا۔سوشل میڈیا پر فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کثیر المنزلہ عمارت سے بڑا دھواں اٹھ رہا ہے۔اسماعیلیہ سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے ہیڈکوارٹر میں علی الصبح لگنے والی آگ کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا۔مقامی میڈیا نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ 26 زخمیوں کو مقامی ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔ 24 افراد نے ’ دم گھٹنے’ اور دو افراد نے جلنے کی شکایت کی جبکہ 12 افراد کو جائے وقوعہ پر ہی طبی امداد دی گئی۔سرکاری میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے جائے وقوعہ پر 50 ایمبولینسیں بھیجیں، جن میں 2 طیاروں سمیت ملٹری ایمرجنسی سروسز شامل ہیں۔اگست 2022 میں قاہرہ کے چرچ میں شارٹ سرکٹ کے سبب لگنے والی آگ کے نتیجے میں 41 افراد کی موت واقع ہو گئی تھی، جس کے سبب ملک میں انفرااسٹرکچر کی صورتحال بہتر اور فائر بریگیڈ کے ردعمل کے وقت کو کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔مارچ 2021 میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 2020 میں دو ہاسپٹلس میں آتشزدگی سے 14 افراد چل بسے تھے۔