قاہرہ ۔ 6 فبروری (ایجنسیز) مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی ہدایات پر نائب وزیر اعظم اور وزیر صحت ڈاکٹر خالد عبدالغفار نے رفح کی گزرگاہ اور شمالی سینا کی طبی تنصیبات کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ غزہ کی پٹی سے آنے والے فلسطینیوں کے استقبال کیا جائے اور علاج کے نظام کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس دورے کا مرکز ہیلتھ ایمرجنسی سروسز کے قومی منصوبے کی تیاریوں کو یقینی بنانا تھا۔ وزیر صحت نے آنے والوں کو ٹھہرانے، ان کے اہل خانہ کی رہائش اور ساتھیوں کیلئے رہائشی مراکز کے اندر طبی خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔انہوں نے قرنطینہ پوائنٹ کا معائنہ کیا اور ادویات اور ویکسین کے سٹریٹجک ذخیرے کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے 40 ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیموں کی تیاری کی تعریف کی جنہیں 60 ایمبولینسوں، موبائل کلینکس، ایمرجنسی کیئر پوائنٹس، جدید ایکسرے گاڑیوں اور ماہر ٹیموں کی مدد حاصل ہے۔مصر کے وزیر صحت نے مریضوں کے لوجسٹک راستے کا بھی جائزہ لیا جس کا آغاز کراسنگ پر ابتدائی معائنے سے ہوتا ہے، پھر العریش جنرل ہسپتال میں درجہ بندی کی جانتی ہے اور آخر میں مخصوص طبی مہارتوں کے مطابق انہیں ملک بھر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے نفسیاتی مدد فراہم کرنے میں مصری ہلال احمر کے ساتھ ہم آہنگی کی تعریف کی اور پٹی میں واپس جانے والے فلسطینیوں کو تسلی دینے کی کوشش کی۔ واپس جانے والے فلسطینیوں نے اس انسانی ہمدردی کی کوشش پر مصر کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔