فلسطین پر اسرائیلی تسلط کی برسی ،انٹرنیشنل ذوم کانفرنس ، عالمی قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔10؍جون۔ ( راست ) ۔ فلسطین اور القدس پر اسرائیل کے ظالمانہ تسلط کے 53ویں برسی کے موقع پر انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے تعاون سے منبر الاقصیٰ فائونڈیشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ژوم کانفرنس 7؍جون کی شام انعقاد عمل میں آیا۔ چیرمین انڈوعرب لیگ حیدرآباد جناب سید وقارالدین کی قیام گاہ سے میڈیا پلس نے اس کانفرنس کی میزبانی کی۔ دنیا کے مختلف ممالک سے سرکردہ شخصیات نے اپنے خیالات اور تاثر کا اظہار کیا اور ا لقدس کی بازیابی تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کے عز م کا اظہار کیا۔ منبرالاقصیٰ فائونڈیشن نے 150سے زائد بین الاقوامی تنظیموں کے باہمی اشتراک و تعاون کے ساتھ 7جون کو بین الاقوامی القدس
e-Compaign Day
منایا گیا۔ جناب سید وقارالدین نے اپنے کلیدی خطاب میں اقوام متحدہ اور او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یگانگت کرے۔ فلسطینیوں کے ساتھ مساوات آزادی انصاف کے لئے اپنی آواز بلند کرے۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ عالمی برادری نے فلسطینیوں کے حقوق انسانی کی پامالی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہے۔ اس کانفرنس سے حیدرآباد میں متعین ترکی قونصل جنرل ڈاکٹر عدنان الطینوس، احمد علی عمری ہیڈ اڈوائزری کونسل منبر الاقصیٰ فائونڈیشن، ظفر جاوید اسلامک ڈیولپمنٹ بنک انڈیا چیاپٹر، شیخ ابراہیم جبرائیل ہیڈ اسلامک کونسل فار ججمنٹ سائوتھ افریقہ، ڈاکٹر محمد قطب الدین سابق صدر ایفمی شکاگو، ڈاکٹر سالومن رنجن انٹرنیشنل کنسلٹنٹ فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس، ڈاکٹر سمیر سعیداڈوائزر فار ٹریننگ اینڈ القدس اسٹیڈیز منبرالاقصیٰ اسوسی ایشن،جناب حامد محمدخان ، جناب محمد خلیق الرحمن کے علاوہ کئی بین الاقوامی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ حافظ محمد عبدالرافع ابراہیم کی قرأت کلام پاک سے کانفرنس کا آغاز ہوا۔ جناب رفیق احمد نظامی کوآرڈینیٹرانڈیا منبر الاقصیٰ فائونڈیشن نے خیر مقدم کیا۔ سید خالد شہباز نے ذوم کانفرنس کی میزبانی کی۔ اس موقع پر فائونڈیشن کی جانب سے جناب سید وقارالدین کو القدس اور مسجد اقصیٰ کے اخراجات کی تکمیل کے لئے ترکی میں قائم کئے گئے ٹرسٹ کی جانب سے ایک میٹر اراضی کے وقف کی سرٹیفکیٹ پیش کی گئی۔ جناب سید وقارالدین کو یہ اعزاز ہے کہ تلنگانہ کے وہ پہلے فرد ہیں‘ جنہیں یہ سرٹیفکیٹ عطا کیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر میر اکبر علی خان، ڈاکٹر معین الدین حبیبی، مقبول احمد، ڈاکٹر سیدفاضل حسین پرویز، محمد جلیل انصاری ، ڈاکٹر محمد سلیم اور جمیل احمد خان موجود تھے۔