دبئی ۔31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)کرسٹیانو رونالڈو نے معذور مداح سے ملاقات کرکے اْس کی خواہش پْوری کردی۔ رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شائع کی جس میں وہ ایک معذور بچے کے ساتھ فٹ بال کھیل رہے ہیں، علی عامر نامی یہ معذور بچہ کرسٹیانو رونالڈو کا ایک مداح ہے۔ رونالڈو نے اپنے اس خاص مداح کی خواہش پر اْس سے ملاقات کی اور پھر فٹ بال بھی کھیلا رونالڈو نے ویڈیو شائع کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ آپ سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، آپ نے مجھے بہت متاثرکیا۔ دوسری جانب علی عامر نے اپنے انسٹاگرام پر رونالڈو سے ملاقات کی تصاویر شائع کیں اور ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی ہے جس میں رونالڈو اپنے مداح کو فٹ بال پر آٹوگراف دے رہے ہیں۔ علی عامر نے اِن تصاویر اور ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ اْن کو یقین نہیں آرہا ہے کہ اْن کی یہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔ علی عامر نے لکھا کہ میں اِس کے لیے سب سے پہلے اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اْس نے میری دْعا قبول کی اور رونالڈو سے ملاقات کروانے کے لیے کچھ لوگوں کو وسیلہ بنایا۔ اْنہوں نے اِس ملاقات کے لیے کرسٹیانو رونالڈوکا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی فٹ بال کھیلنے کے لیے بھی شْکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اِس موقع پر لکھا کہ میں اپنے والدین کا بھی شْکر گْزار ہوں۔ اِس کے علاوہ عامر نے انسٹاگرام پر وہ ویڈیو بھی شائع کی جس میں رونالڈو اْن کے ساتھ فٹ بال کھیل رہے ہیں۔