عالمی یوم معذورین تقریب، وزیر داخلہ محمود علی اور دیگر وزراء کی شرکت
حیدرآباد۔3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں معذورین کی تعداد 10.5 لاکھ ہے اور حکومت نے معذورین کی بھلائی اور ترقی کیلئے کئی اسکیمات متعارف کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ معذورین کئی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور وہ عام افراد سے قابلیت میں کم نہیں۔ محمود علی رویندرا بھارتی میں بین الاقوامی یوم معذورین تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 1992 ء میں اقوام متحدہ نے 3 ڈسمبر کو ہر سال یوم معذورین کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت معذور لڑکیوں کو کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم میں 25 فیصد زائد رقم فراہم کر رہی ہے ۔ اسکیم کے تحت غریب لڑکی کی شادی پر ایک لاکھ 116 روپئے ادا کئے جاتے ہیں جبکہ معذور لڑکیوں کو ایک لاکھ 25 ہزار 145 روپئے کی امداد دی جارہی ہے جس سے معذور لڑکیوں کی شادی میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معذورین سے شادی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے میریج انٹینسیو ایوارڈ کی رقم کو 50,000 سے بڑھاکر ایک لاکھ روپئے کردیا ہے۔ حکومت نے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے علاوہ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کیا ۔ معذورین کیلئے آسرا پنشن کے تحت ماہانہ 3016 روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ تقریب میں ریاستی وزراء کے ایشور ، سرینواس یادو ، سرینواس گوڑ، ملا ریڈی اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریاستی وزراء نے اس موقع پر معذورین میں حکومت کے امدادی چیکس حوالے کئے ۔ ر