معمر و معذورین کے مسائل کی یکسوئی کی کوشش

   

آر ڈی او کے ہاتھوں بھینسہ میں ہیلپ لائین پوسٹرس کی رسم اجرائی

بھینسہ 19/ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ریونیو ڈیویژن دفتر میں آر ڈی او لوکیشور راؤ کے ہاتھوں محکمہ بہبود شعبہ معمرین اور معذورین ہیلپ لائن نمبر پوسٹرس کی رسم اجرائی عمل میں آئی ۔ اس موقع پر فیلڈ ذمہ دار آفیسر بی مدھوسدن ریڈی ، آر ڈی او ڈی ٹی شنکر ، صبا بیگم ، ناگناتھ و دیگر عہدیداران موجود تھے مذکورہ عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے معمر اور معذور افراد کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹول فری ہیلپ لائن 14567 نمبر جاری کیا جس کی سہولیات ہر روز صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک رہیگی جس سے معمرین اور معذورین استفادہ کرتے ہوئے اپنے تمام مسائل اور کسی بھی فرد کی جانب سے ہراساں و پریشان کئے جانے کی شکایت درج کرواسکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ معمرین اور معذورین کو محکمہ مختلف خدمات جیسے غذائیت ، دیکھ بھال ، قانونی انصاف کی خدمات ، مشاورتی خدمات اور بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلعی عہدیدار محکمہ ضلع سینئر سٹیزنس اور معذورین ویلفیئر کے ذریعے دستیاب رہے گا انھوں نے تمام معمر افراد اور معذورین سے استفادہ کرنے کی خواہش کی علاوہ ازیں بھینسہ ٹاؤن سب انسپکٹر آف پولیس سائی کرن نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے بھی بزرگ افراد کے مسائل کی فورا یکسوئی کیلئے ہر ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔