حیدرآباد : ڈائریکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ نے کہا کہ یکم مارچ سے 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور 45 سے 59 سال عمر کے ایسے افراد جو طویل مدتی کہنہ امراض میں مبتلا ہیں کو کورونا وائرس کا ٹیکہ دیا جائے گا۔ کورونا ویکسین لینے کے خواہش مند افراد کو اپنے موبائل نمبر یا آدھار نمبر کے ذریعہ
cowin.gov.in
پر اپنا نام اندراج کروانا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 102 مراکز میں کوویڈ ویکسین فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں 2 اور حیدرآباد میں 12 ٹیکہ اندازی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اندراج کے بعد کوویڈ ٹیکہ قریبی مرکز سے موبائل کے لنک کے ذریعہ حاصل کیاجاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر ضلع میں ٹیکہ اندازی کے دو مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد میں اس کے 12مراکز ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے افراد جو کہنہ امراض کے شکار ہیں ان کو شناختی کارڈ کے ساتھ ڈاکٹرکا سرٹیفکیٹ لانا ہوگا۔انہوں نے نشاندہی کہ مصدقہ سرٹیفکیٹ کے آن لائن اپ لوڈ کرنے والا شخص ہی ٹیکہ اندازی کا اہل ہوگا۔آئندہ ہفتہ ٹیکہ اندازی مہم ایک ہزار سے زائد مراکز پر انجام دی جائے گی۔215پرائیویٹ اسپتالوں کو ٹیکہ اندازی کی اجازت دی جارہی ہے ۔ڈی ایم ای رمیش ریڈی نے کہاکہ ہر سرکاری اسپتال میں یہ مفت ٹیکہ ہر کسی کیلئے دستیاب رہے گا۔ضعیف افراد کیلئے وہیل چیر کا بھی سرکاری اسپتال میں انتظام رہے گا۔