معیاری تخلیقی ادب کی ترویج و اشاعت اردو کونسل کی ترجیحات میں شامل:ڈائریکٹر

   

نئی دہلی : قومی اردو کونسل ہندوستان ہی نہیں عالمی سطح پر اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کام کرنے والا ایک بڑا ادارہ ہے جو اپنی ذمے داریوں کو محسوس کرتے ہوئے مسلسل اردو کی ترقی و ترویج کے لیے نئے نئے اقدامات کررہا ہے ۔ یہ بات قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کونسل کے تخلیقی ادب پینل کی آن لائن میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اردو کونسل اردو زبان کی مقبولیت و شہرت کے دائرے کی توسیع میں سرگرم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کونسل کے پیش نظر اردو زبان کے ساتھ معیاری تخلیقی ادب کی اشاعت بھی ہے اور اسی وجہ سے باقاعدہ تخلیقی ادب پینل تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت اردو زبان میں تخلیق کیے جانے والے ادب کاجائزہ لینے کے بعد معیاری تخلیقات کو کونسل کے زیر اہتمام شائع کیا جاتا ہے ۔