معین آباد فارم ہاوز دھاوا ۔ جملہ 11 افراد گرفتار ‘ منشیات ضبط

   

سابق رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی ‘ اے پی کے تلگودیشم ایم پی مہیش کمار و دیگر شامل

حیدرآباد: /15 مارچ (سیاست نیوز) سائبر آباد نارکوٹکس پولیس اسٹیشن (سی این پی ایس) کی ایگل فورس نے معین آباد پولیس، شمش آباد اور چیوڑلہ کی ایس او ٹی کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں عزیز نگر، معین آباد میں بی آر ایس کے سابقہ تانڈور رکن اسمبلی پائیلٹ روہت ریڈی کے فارم ہاؤس پر دھاوا کیا ۔ خفیہ انٹلیجنس مسلسل نگرانی اور کمیونٹی کی معلومات پر مبنی، پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ فارم ہاؤس پر کئی افراد نشہ آور اور نفسیاتی مادوں سمیت شراب کے ساتھ پارٹی کررہے ہیں۔ فوری کارروائی میں مشترکہ ٹیم نے دھاوا کیا اور منشیات برآمد کیں۔ اس کارروائی میں ایگل فورس نے سابقہ پائیلٹ روہت ریڈی ، تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ پٹہ مہیش کمار اور دیگر 9 کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ٹیم نے فارم ہاؤس کا محاصرہ کیا اور 11 افراد بشمول ایک خاتون شراب و مشتبہ نشہ آور مادوں کا استعمال کرتے پائے گئے۔ آپریشن کے وقت پولیس نے اپنی شناخت ظاہر کی اور تلاشی لینے کی اطلاع دی جس کے نتیجہ میں اندر سے ایک راؤنڈ فائر کیا گیا ۔ پولیس نے دوبارہ خبردار کیا تو فائرنگ رک گئی ۔ ٹیم نے فارم ہاؤس میں داخل ہوکر جگہ کو محفوظ بنایا اور تمام افراد کو حراست میں لے لیا۔ واش روم کے قریب نمتھ شرما کو ریوالور پکڑے دیکھا گیا اور شرت کمارکو خالی کارتوس کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ جرمن ساختہ 0.32 کیلیبر کا ریوالور، 4 خالی اور ایک لائیو کارتوس برآمد ہوئے ۔ مشتبہ افراد سے جی ایس آر نمونے لیے گئے۔ تلاشی میں شرت کمار کے پاس 0.26 گرام کوکین برآمد ہوئی ۔ 11 افراد کے یورین ٹسٹ میں سے 5 نشے کا پازیٹیو پایا گیا۔ بڑی مقدار میں شراب، بشمول 48 کنگ فشر الٹرا، 2 ڈون جولیو (کھلے ہوئے)، رائل سیلوٹ 21 سالہ پرانا 1 لیٹر (کھلا ہوا)، 48 فشر الٹرا 330 ملی لیٹر بیئرز، 2 چیواز 18 سالہ پرانا اور 2 ووڈکا بیلیڈیئر برآمد ہوئی۔ ایگل ٹیم نے وہاں پر موجود 11 افراد جس میں پائیلٹ روہت ریڈی ساکن منی کونڈہ جو سابقہ رکن اسمبلی ہے ، 37 سالہ پٹہ مہیش کمار تلگودیشم رکن پارلیمنٹ آندھراپردیش ، 42 سالہ نمت شرما رئیل اسٹیٹ تاجر سیول لائن دہلی ، پی رتیش ریڈی ، 30 سالہ کوشک روی ایڈوکیٹ ، 33 سالہ ٹی ارجن ریڈی ، 49 سالہ این وجئے کرشنا ، 43 سالہ وی شراون کمار ، 49 سالہ ایم رمیش ، 33 سالہ سلوری شرت کمار جو پیشہ سے ڈرائیور ہے اور پرینکا نامی خاتون کو حراست میں لیا۔ 11 افراد کے پیشاب اور خون کے معائنے کئے گئے جس میں فوری سابقہ روہت ریڈی ، رکن پارلیمنٹ مہیش کمار ، نمت شرما ، رتیش ریڈی ، کوشک روی ، ارجن ریڈی ٹسٹ میں پازیٹیو رہے ۔ نمونوں کو ایگل ٹیم نے فارم ہاؤس کے احاطہ میں محفوظ رکھا اور اسے فارنسک لیب بھیجا جارہا ہے ۔ پولیس نے مقدمہ انڈی پی ایس ایکٹ دفعہ 8(C) ، 22(A) ، 27 اور 29 جبکہ انڈین آرمس ایکٹ دفعہ 24 (1-B) (a) اور دفعہ 30 ، تلنگانہ اسٹیٹ ایکسائز ایکٹ دفعہ 34(A) اور بی این ایس دفعہ 109 ، 131 کے تحت درج کیا ۔ب