حیدرآباد ۔ 19 فبروری (سیاست نیوز) سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) نے کل رات دیر گئے علاقہ معین آباد میں بیک وقت 33 فارم ہاؤزس پر دھاوے کئے۔ اس کارروائی میں پولیس نے 3 افراد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایس او ٹی ایس کے ایم اے رشید نے بتایا کہ ایک ویک اینڈ کے موقع پر ایس او ٹی کی جانب سے کئی فارم ہاوزس کی اچانک دھاوے کئے گئے۔ غیرمجاز طور پر شراب فراہم کرنے اور غیرقانونی سرگرمیوں کی اطلاع پر یہ کارروائی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ معین آباد میں سلیبریٹی فارم ہاؤز، ایٹرنیٹی فارم ہاؤز اور مشیرالدین فارم ہاؤز پر تلاشی لی گئی اور وہاں سے غیرقانونی طور پر فروخت کی جانے والی شراب کو ضبط کیا گیا۔ اس کاروبار میں پولیس نے وہاں کے واچ مین پی راجو، ایم سوامی اور سدھاکر کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ فارم ہاؤز کے مالکین وائی نریش کمار ریڈی، مشیرالدین اور پرشانت مفرور بتائے گئے ہیں۔ ڈی سی پی نے فارم ہاوز مالکین کو انتباہ دیا ہیکہ وہ اپنے فارم ہاؤزس پر غیرقانونی سرگرمیوں کی اجازت نہ دے ورنہ پولیس ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔